'بم کی اطلاع': ایئر انڈیا کے طیارے کو محفوظ قرار دے دیا گیا

انڈیا کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے جس طیارے کو جمعرات کی صبح بم کی اطلاع کے بعد احتیاطی طور پر لندن کے قریب سٹینسٹڈ کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا تھا اس کی مکمل تلاشی کے بعد اسے محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔

ایئر انڈیا کے ایک ترجمان نے کہا ان کی ممبئی سے نیوآرک جانے والی پرواز اے آئی 191 پر بم کی اطلاع دی گئی تھی جو جھوٹ نکلی۔

آخری اطلاعات کے مطابق پرواز لندن سے روانہ نہیں ہوئی تھی اور اس پر سوار مسافروں کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل برطانوی فضائیہ کے دو ٹائفون لڑاکا طیاروں نے آواز کی رفتار سے تیز پرواز کرتے ہوئے انڈیا ائیر لائن کے اس بوئنگ 777 طیارے کو فضا ہی میں اپنی حفاظت میں لے لیا تھا۔

برطانوی حکام نے سٹینسٹیڈ کے قریب ایسکس کی کاونٹی میں رہنے والوں سے لڑاکا طیاروں کے ’ساونڈ بیریئر‘ توڑنے سے پیدا ہونے والی آواز کی وجہ سے ممکنہ زحمت یا پریشانی پر معذرت کی تھی۔

برطانوی حکام کے مطابق سونک بوم کی آواز دور دور تک سنی گئی اور پولیس کو شہریوں کی طرف سے بہت سے کالیں موصول ہوئیں ۔

طیارہ کو سٹینسٹیڈ کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اترا لینے کے بعد اس کو ہوائی اڈے کے ایک کونے میں کھڑا کر دیا گیا تھا۔