آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بنگلہ دیش: طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ہائی جیکر ہلاک
بنگلہ دیش سے دبئی جانے والے بیمان ائیرلائنز کے ایک جہاز کو ہائی جیک کرنے کے کوشش کے بعد ہنگامی لینڈنگ کر کے اتار لیا گیا ہے۔
بی بی سی بنگلہ سروس کے مطابق ہائی جیکر کو خصوصی دستوں نے ایک آپریشن کے بعد ہلاک کر دیا ہے۔
بنگلہ دیشی فوج کے میجر جنرل متیع الرحمن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہائی جیکر نے خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا اور فائر کھول دیا جس کے بعد کمانڈوز کے ساتھ مقابلے کے دوران اس کی ہلاکت ہو گئی۔
میجر جنرل متیع الرحمن نے بتایا کہ اس آپریشن کی قیادت کرنل امرل کر رہے تھے اور صورتحال پر آٹھ منٹ کے اندر قابو پا لیا گیا۔ انھوں نے اس ہائی جیکر کا نام ’مہدی‘ بتایا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص نے زبردستی کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ ائیر وائس مارشل نعیم حسن نے واقعے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مبینہ ہائی جیکر نے جہاز کے پائلٹ کے سر پر پستول تانی اور کہا کہ ان کی بیوی کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے اور وہ اس بارے میں بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ کہ ہائی جیکر کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔
ڈھاکہ سے دبئی جانے والے اس طیارے پر 142 مسافر سوار تھے اور اغوا کرنے کی کوشش کے بعد اسے ساحلی شہر چٹاگانگ کے شاہ امانت ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت سے لوگ دور سے بوئنگ 737-800 کو ایئر پورٹ کے تارمک پر کھڑا دیکھ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیمان بنگلادیش ائیرلائنز کی پرواز بی جے 147 کے اس طیارے پر سوار تمام تر مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتارنے کے بعد طیارے کو حصار میں لے لیا گیا تھا۔