آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چین میں اویغور مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی بنیادی وجوہات
چین کی جانب سے بعض مسلم اقلیتی فرقوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔
چین مسلم اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد کو جنگی قیدیوں کے کیمپ (انٹرنمنٹ کیمپ) میں رکھا گیا ہے۔
اگست میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کو معلوم ہوا کہ چین کے مغربی علاقے سنکیانگ میں اویغور مسلمانوں اور دیگر مسلم فرقوں کے دس لاکھ افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے اور ان کی 'ری ایجوکیشن' یعنی ازِسر نو تعلیمی پروگرام کے تحت ان کی تربیت کی جا رہی ہے۔
یہ دعوے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے کیا ہے لیکن چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔ دریں اثناء سنکیانگ میں رہنے والے افراد کے خلاف جابرانہ نگرانی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
یہاں ہم ان کے بارے میں آپ کو چند بنیادی باتیں بتانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اویغور کون ہیں؟
یہ نسلی طور پر ترکی النسل مسلمان ہیں اور یہ چین کے مغربی علاقے میں آباد ہیں جہاں ان کی تعداد تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ ہے۔ وہ خود کو ثقافتی اور نسلی طور پر وسط ایشیائی علاقوں سے قریب تر دیکھتے ہیں اور ان کی زبان ترک زبان سے بہت حد تک مماثلت رکھتی ہے۔
لیکن حالیہ دہائیوں میں سنکیانگ میں ہان (چین کی اکثریتی نسل) چینیوں کی بڑی آبادی وہاں منتقل ہوئی ہے اور اویغوروں کو ان سے خطرہ لاحق ہے۔
سنکیانگ کہاں ہے؟
یہ چین کے انتہائی مغرب میں واقع بڑا صوبہ ہے اور یہ ملک کا سب سے بڑا علاقہ ہے۔ تبت کی طرح یہ ایک خودمختار (کم سے کم اصولی طور پر) علاقہ ہے اور بیجنگ سے علیحدہ اس کی اپنی حکومت ہے۔ لیکن عملی طور پر مرکزی حکومت کی جانب سے اس پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اویغور کی آبادی اس علاقے کی مجموعی دو کروڑ 60 لاکھ آبادی کا تقریباً نصف ہے۔
اس کی سرحدیں بہت سے ممالک سے ملتی ہیں جن میں انڈیا، افغانستان،پاکستان اور منگولیا شامل ہیں۔
سنکیانگ کے باشندوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اویغور نسل کے لوگوں کو شدید نگرانی کا سامنا ہے اور انھیں اپنے ڈی این اے اور بائیومیٹرکس کے نمونے دینے پڑ رہے ہیں۔ وہاں آباد جن لوگوں کے رشتہ دار انڈونیشیا، قزاقستان اور ترکی جیسے 26 'حساس' ممالک میں ہیں انھیں مبینہ طور پر حراست میں لیا جا رہا ہے اور تقریباً دس لاکھ افراد کو ابھی تک حراست میں لیا جا چکا ہے۔
اس بارے میں مزید پڑھیے
ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ وہاں آباد جس کسی شخص نے ملک سے باہر واٹس ایپ پر اگر کسی سے رابطہ کیا ہے تو اسے بھی حراست میں لیا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ انھیں وہاں مینڈارن یا چینی زبان سکھائی جا رہی ہے اور انھیں اپنے مذہب کو ترک کرنے یا ان کی تنقید کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان سے صدر شی جن پنگ کے ساتھ وفاداری کی قسمیں بھی کھلائی جا رہی ہیں۔
بی بی سی کو کیا پتہ چلا ہے؟
چین کے بعض سابق قیدیوں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ انھیں کیمپوں میں جسمانی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا ہے کہ کنبے کے کنبے لاپتہ ہوگئے ہیں اور ہمیں یہ بھی بتایا گيا کہ انھیں جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گيا ہے۔
ہم لوگوں نے سنکیانگ میں ایسے شواہد دیکھے جن سے یہ پتہ چلتا ہے کہ وہ صوبہ مکمل نگرانی میں ہے۔ جو چینی قیدی وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے انھوں نے بی بی سی نیوز نائٹ کے پروگرام سے بات کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔
ایک شخص عمر نے بتایا:'وہ ہمیں سونے نہیں دیتے تھے، وہ ہمیں گھنٹوں لٹکائے رکھتے اور پیٹتے رہتے۔ ان کے پاس لکڑی کے موٹے موٹے ڈنڈے اور چمڑے کے سوٹے تھے جبکہ تاروں کو موڑ کر انھوں نے کوڑے بنا رکھے تھے، جسم میں چبھونے کے لیے سوئیاں اور ناخن کھینچنے کے لیے پلاس تھے۔ یہ سب چیزیں میز پر ہمارے سامنے رکھی ہوتیں اور ان کا ہم پر کبھی بھی استعمال کیا جاتا۔ ہم دوسرے لوگوں کی چیخیں بھی سنتے۔'
ایک دوسرے شخص عزت نے بتایا: 'رات کے کھانے کا وقت تھا۔ تقریباً 1200 افراد ہاتھوں میں پلاسٹ کا خالی کٹورا لیے کھڑۓ تھے اور انھیں چین کے حق میں گیت گانا تھا تاکہ انھیں کھانا ملے۔ وہ ربوٹ کی طرح تھے۔ ان کی روحیں مر چکی تھیں۔ ان میں سے بہت سوں کو میں اچھی طرح جانتا تھا۔ ہم ایک ساتھ اٹھتے بیٹھتے، کھاتے پیتے تھے۔ لیکن اب وہ اس طرح کا برتاؤ کر رہے تھے جیسے کسی کار کریش کے بعد ان کی یادداشت جاتی رہی ہو۔'
اس بارے میں مزید پڑھیے
اویغوروں کے تشدد کا کیا؟
سنکیانگ اور اس کے باہر کئی حملوں کا الزام علیحدگی پسند اویغوروں پر ڈالا گیا ہے۔ سنہ 2009 میں دارالحکومت ارمچی میں ہونے والے فسادات میں تقریباً 200 افراد مارے گئے تھے جن میں سے زیادہ تر ہان نسل کے چینی تھے۔
فروری سنہ 2017 میں جب پانچ لوگوں کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا تو اویغوروں پر کریک ڈاؤن میں اضافہ کر دیا گیا۔
چین کیا کہتا ہے؟
چین اپنے صوبے سنکیانگ میں امن میں خلل کے لیے علیحدگی پسندوں اور اسلامی عسکریت پسندوں کو ذمہ دار ٹھہراتا ہے
چین سنکیانگ میں کسی 'انٹرنمنٹ کیمپ' کے وجود سے انکار کرتا ہے لیکن یہ کہتا ہے کہ وہاں 'پیشہ ورانہ تربیت' دی جا رہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ 'حکومت نسلی علیحدگی پسندوں اور پر تشدد دہشت گردانہ مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔'
دنیا کیا کر رہی ہے؟
چین کی جانب سے اویغور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف بین الاقوامی سطح پر تنقید میں اضافہ ہوا ہے تاہم کسی بھی ملک نے ابھی تک سوائے مذمت اور تنقیدی بیان جاری کرنے کے کوئی بھی کارروائی نہیں کی ہے۔