آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
افغانستان: غزنی میں طالبان اور حکومتی افواج کے درمیان جھڑپیں، 30 جنگجو ہلاک
افغان حکام کا کہنا ہے کہ غزنی شہر میں طالبان نے رات گئے حملہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار اور 30 طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق طالبان نے شہر کے کئی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا تاہم بعد میں انھیں شہر سے باہر نکال دیا گیا۔
طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی مکانات تباہ ہوئے ہیں۔
اس بارے میں جاننے کے لیے مزید پڑھیے
صوبائی حکومت کے ترجمان محمد عارف نوری غزنی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ طالبان نے جمعرات کی شب غزنی میں چاروں جانب سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ عام شہری اور سات حکومتی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید بتایا کہ شہر میں اب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے خصوصی دستے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
ٹولو نیوز کے ویب سائٹ کے مطابق غزنی میں طالبان کے حملے کے بعد افغانستان میں موجود امریکی افواج کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے شہر کی تمام اہم اور سرکاری عمارتوں کا قبضہ حاصل کر رکھا ہے۔
ادھر طالبان نے بھی غزنی میں کیے گئے حملے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں اور طالبان کی جانب جاری بیان میں اس حملے میں متعدد افغان فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ جنگجو نے شہر کے اہم مقامات پر قبضہ کر لیا ہے اور چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔
حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔ افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے سے طالبان اپنی حکمتِ عملی کو تبدیل کرتے ہوئے شہری علاقوں میں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔