کشمیر: ’شدت پسندوں اور انڈین فوج میں جھڑپ‘، چار فوجیوں سمیت چھ ہلاک

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں فوج کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے میں فوج اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں چار انڈین فوجی اور دو شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک افسر بھی شامل ہے۔

انڈین فوج کے ترجمان راجیش کالیا نے سرینگر میں بی بی سی کے ماجد جہانگیر کو بتایا کہ شدت پسند مبینہ طور پر لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے گوریز سیکٹر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ان کا کہنا تھا کہ اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں انڈین فوج کا ایک میجر، دو حوالدار اور ایک سپاہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو شدت پسندوں کو بھی مار دیا گیا۔

انڈین فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں میجر کے پی رانے، حوالدار جمی سنگھ، حوالدار وکرم جیت اور رائفل مین مندیپ شامل ہیں۔

ان تمام فوجیوں کا تعلق نیشنل رائفلز سے تھا۔

بانڈی پورہ پولیس کے ایس پی ذوالفقار آزاد نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی شب گوریز کے علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنر شہید اقبال چوہدری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا: ’گوریز میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی‘۔

وادی گوریز سرینگر سے تقریباً 170 کلومیٹر دور پاکستان اور انڈیا کے درمیان واقع لائن اف کنٹرول پر واقع ہے۔