لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے انڈین سپاہی سمیت تین ہلاک‘

انڈیا میں حکام کا کہنا ہے کہ کشمیر کے متازع علاقے میں پاکستانی فوجیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین عام شہریوں سمیت سکیورٹی فورسز کا ایک رکن ہلاک ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق گذشتہ تین دنوں کے دوران ایسے واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دس ہو گئی ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے باعث لائن کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے اور گولہ باری کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

انڈیا کے زیرِ اہتمام کشمیر میں دیہاتوں سے ہزاروں افراد کو نکالا جا چکا ہے جبکہ وہاں سکولز بھی بند ہیں۔

انڈیا کی پولیس کے مطابق بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر سنیچر کو پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ کے نیتجے میں تین عام شہریوں سمیت انڈیا کی فوج کا ایک جوان ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔

انڈین پولیس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین دنوں کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی میں اب تک نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق ضلع پونچھ کے کرشنا گھوٹی سیکٹر میں سرحد پار فائرنگ میں انڈیا کی فوج کا ایک جوان ہلاک ہو گیا۔

انڈیا کے دفاعی ترجمان نے ہلاک ہونے والے سپاہی کی شناخت مندیپ سنگھ کے طور پر کی ہے۔ ترجمان کے مطابق 23 سالہ مندیپ سنگھ پنجاب میں سنگرور کے عالم پور گاؤں کے رہائشی تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے سنیچر کی صبح آٹھ بج کر 20 منٹ پر کرشنا گھوٹی سیکٹر میں بِلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مندیپ سنگھ ہلاک ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق انڈین فوج نے پاکستانی فوج کی فائرنگ کا مؤثر طریقے سے جواب دیا۔

انڈین اہلکار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو عام شہری بھی ہلاک ہوئے جن میں 17 سالہ گورا رام اور 45 سال گور سنگھ شامل ہیں ۔

بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سنیچر کی صبح سے سرحد پار آکرروئی سے چناب (اخھنور) تک فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آر ایس پورا سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ صبح ایک بج کر تیس منٹ پر رکا تاہم چار گھنٹوں بعد یہ دوبارہ شروع ہو گیا۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کی کشیدگی کے باعث لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا تبادلہ معمول بن چکا ہے جس میں کئی شہریوں سمیت کئی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔