انڈیا اسرائیل سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل خریدے گا

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل سے 70 ملین ڈالر کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل خرید رہا ہے۔
یہ اعلان اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے انڈیا کے دورے سے قبل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیئے
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق براک میزائل جسے رافیل ایڈوانسڈ سسٹمز نے بنایا ہے انڈیا کے پہلے ایئرکرافٹ کیریئر کے لیے استعمال کیا جائے گا جو ابھی زیرِ تعمیر ہے۔
وسط جنوری میں اسرائیل کے وزیرِ اعظم چار روزہ دورے پر ایک تجارتی وفد لے کر دہلی پہنچ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیل اسلحے کی فروخت کے حوالے سے انڈیا کا ایک اہم سپلائیر بن گیا ہے اور ہر سال اسے اوسطاً ایک ارب ڈالر کا فوجی ساز و سامان فروخت کرتا ہے۔
گذشتہ سال بھی دونوں ممالک نے تقریباً دو ارب ڈالر کے ایک فوجی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت اسرائیل کو انڈیا کو درمیانی مار کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، لانچر اور مواصلاتی ٹیکنالوجی سپلائی کرنا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ جس معاہدے کا منگل کو اعلان کیا گیا ہے وہ اپریل کو کیے گئے معاہدے کا حصہ ہے یا نہیں۔
انڈیا نے، جس کے اپنے ہمسایہ ممالک پاکستان اور چین کے ساتھ کافی عرصے سے سرحدی تنازعات چل رہے ہیں، 2014 میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد کئی بڑے اسلحے کے معاہدے کیے ہیں۔








