آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یروشلم کے اعلان پر کشمیری برہم
- مصنف, ریاض مسرور
- عہدہ, بی بی سی اردو سروس سری نگر
ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر کشمیریوں نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں مظاہرے کیے اور اعلانِ یروشلم کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔
فلسطینی بحران پر کشمیر میں تب بھی عوامی ردعمل ہوتا تھا جب یہاں مسلح شورش نہیں تھی۔
فلسطین میں اسرائیلی زیادتیوں کے خلاف ہڑتالیں اور مظاہرے کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور تل ابیب سے سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان ایسے وقت کیا ہے جب کشمیر سیاسی افراتفری، تشدد، فورسز کی زیادتیوں اور سرکاری پابندیوں تلے دبا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کشمیر کے مبصرین اور حساس حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا اعلان کشمیر کو تین طرح سے متاثرکرسکتا ہے:
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
1۔ انڈیا میں نریندر مودی کے وزیراعظم بنتے ہی کشمیرمیں علیحدگی پسند اور ہندنواز جماعتوں کا لہجہ کم و بیش یکساں ہوگیا تھا۔ فاروق عبداللہ جیسے ہندونواز لیڈر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور مسلہ کشمیر پر حکومت ہند کے موقف کو کھلے عام چیلنج کررہے ہیں۔ اسی طرح انڈین آئین میں موجود کشمیر کے لیے آئینی رعایتوں کے تحفظ کے لیے حریت کانفرنس نے بھی مہم چلائی۔ اس صورت حال کو ماہرین کشمیر میں پنپ رہے سب نیشنلزم سے تعبیر کررہے ہیں۔ لیکن ٹرمپ کے اعلان سے یہ لہجے نرم پڑسکتے ہیں۔ انڈیا اور امریکہ پہلے ہی دفاعی اور تجارتی شراکت کے نئے رشتوں میں بندھ گئے ہیں۔ سالہا سال سے یہاں کے عوامی اور سیاسی حلقے امریکی مداخلت کے منتظر تھے۔ جہاں علیحدگی پسندوں کے لیے یہ اعلان دھچکہ ہے وہیں اس سے ہندنواز لیڈر اب نئی دلی کی ناراضگی مول لینے کا رسک نہیں اُٹھا سکتے۔
2۔ کشمیریوں کے خدشات اس اعلان سے دوچند ہوگئے ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ ٹرمپ کے اس قدر حیران کن اعلان کے بعد اب نریندر مودی کی حکومت بھی بڑے فیصلے لے سکتی ہے جن میں اہم ترین دفعہ 370 کو ختم کر کے کشمیر کو انڈین وفاق میں ضم کرنا ہے۔ کشمیری حلقوں کو لگتا ہے کہ مسلہ کشمیر سے متعلق انڈین موقف کو اب عالمی سطح پر چیلنج کرنا نہایت مشکل ہوگیا ہے۔
3۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یروشلم سبھی مسلمانوں کے لیے ایک جذباتی معاملہ ہے۔ امریکہ کے یکطرفہ اعلان سے کشمیر میں انتہا پسند بیانیہ کو تقویت مل سکتی ہے اور پھر یہ سب ایسے وقت ہو رہا ہے جب اکثر مبصرین کا خیال ہے کہ حکومت ہند سبھی انڈین مسلمانوں کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کو بھی سیاسی و معاشی طور پر کنارے کرنے پر آمادہ نظر آ رہی ہے۔
صحافی ریاض ملک کہتے ہیں : ’فلسطین اور کشمیر کے سیاسی حالات مختلف ہیں۔ ٹرمپ کے اعلان سے محمد عباس کا لہجہ سخت ہو گیا ہے لیکن یہاں کے ہند نواز سیاستدان اس اعلان سے عدم تحفظ کا شکار ہوجائیں گے۔‘