آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مودی کابینہ میں توسیع، سیاست دانوں کی اہلیت پر سوال
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنی کابینہ میں توسیع کی ہے جس کے تحت چار وزرا کو ترقی دے کر وزیر کابینہ بنایا گیا ہے جبکہ نو نئے وزرا نے حلف اٹھایا۔
جن وزرا کے عہدے میں ترقی ہوئی ہے ان میں نائب وزیر دھرمیندر پردھان، پیوش گویل، مختار عباس نقوی اور نرملا سیتارمن شامل ہیں۔
جبکہ نئے وزرا میں شیو پرتاپ شکل، اشون کمار چوبے، ڈاکٹر ویرندر کمار، راجکمار سنگھ، ستیہ پال سنگھ، ہردیپ سنگھ پوری، الفانس کنن تھنم، اننت کمار ہیگڑے اور گجیندر سنگھ شیخاوت شامل ہیں۔
ان نو نئے وزرا میں چار سابق بیوروکریٹ ہیں جن میں سے کے جے الفانس اور ہردیپ سنگھ پوری تو رکن پارلیمان بھی نہیں ہیں جبکہ الفانس کا جھکاؤ بائیں بازو کی جانب بتایا جاتا ہے۔ جبکہ آر کے سنگھ نے بہار میں ہونے والے انتخابات میں مجرموں کو پیسے دے کر ٹکٹ دیے جانے کا الزام لگا چکے ہیں۔
مودی حکومت کےاقتدار میں آنے کے بعد سے ہی یہ سوال اٹھتے رہے ہیں کہ ان کی کابینہ میں اہل اور تجربہ کار لوگوں کی کمی ہے اور جب بھی نریندر مودی نےاپنی کابنیہ میں رود و بدل یا توسیع کی ہے تو یہ سوال سر ابھارتے ہیں اور اب تک تین سال میں تین بار ان کی کابینہ میں توسیع ہوئی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ چار سابق بیوروکریٹس کا کابینہ میں شامل ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی میں اہل لوگوں کی کمی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں ریلوے حادثات کی وجہ سے ریلوے کے وزیر سریش پربھو پر زبردست دباؤ تھا۔ انڈین خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق اس توسیع سے قبل انھوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس وزات سے سبکدوش ہو رہے ہیں لیکن ان کی یادیں اس سے وابستہ رہیں گی۔
آج کی توسیع سے قبل چھ وزرا نے استعفی دیا تھا تاکہ نئے لوگوں کو جگہ دی جائے۔ ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ انھوں نے اپنے کام کو امید کے مطابق نہیں کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نریندر مودی نے اپنے ٹویٹ میں نئے حلف لینے والے افراد کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے تجربات کابینہ کے لیے بہت اہم ہوں گے۔
جبکہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے وزیروں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے: 'مجھے یقین ہے کہ یہ لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے جدید ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں کوئی دقیقہ نہیں اٹھا رکھیں گے۔'