آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کیفیات ایکسپریس کے کئی ڈبے پٹری سے اترنے کے باعث متعدد مسافر زخمی
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ہونے والے ریل کے ایک حادثے میں تقریبا دو درجن مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ کیفیات ایکسپریس ٹرین دلی سے اعظم گڑھ جارہی تھی۔
یہ حادثہ بدھ کی صبح کانپور کے پاس اوریّا میں پیش آيا۔ ٹرین ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے ریل کا انجن اور اس کی 10 بوگياں پٹری سے نیچے اتر گئے۔
محکمہ ریل کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں چار افراد کی حالت نازک ہے جبکہ 21 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
زخمیوں کو مقامی سول ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
شمال مرکزی ریلوے کے عوامی رابطے کے افسر امت مالویہ کے مطابق ٹرین حادثہ تقریبا تین بجے صبح اس وقت ہوا جب ایک ریلوے کراسنگ پر ڈمپر سے ٹرین کا انجن ٹکرا گیا۔ یہ ٹکّر اتنی زبردست تھی کہ ٹرین کے انجن کے ساتھ ساتھ کئی کوچ بھی پٹری سے اتر کر بکھر گئے۔
محکمہ ریل کے ڈی جی پی آر او انیل سکسینہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ امدادی آپریشن جاری ہے اور وہاں خصوصی ٹرین بھیجی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ دہلی اور ہاوڑہ کے روٹ پر ہوا ہے اس لیے اس روٹ کی دیگر ٹرینوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
حادثے کے بعد ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ٹویٹ کیا اور بتایا کہ کچھ مسافر زخمی ہوئے ہیں، ان کو نزدیکی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور وہ ذاتی طور پر خود حالات اور امدادی کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا میں گذشتہ ایک ہفتے میں ریاست اتر پردیش میں ٹرین کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔
اس سے پہلے 19 اگست کی رات کو مظفر نگر کے کھتولی کے پاس ہونے والے ایک بھیانک حادثے میں 21 مسافر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔