آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایران میں کارٹون مقابلے میں ٹرمپ کا مذاق اڑایا گيا ہے
ایران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر کارٹون کا ایک مقابلہ ہوا جس میں دنیا بھر کے سینکڑوں کارٹونسٹس نے حصہ لیا اور اپنے فن سے ٹرمپ کو نشانہ بنایا۔
اس مقابلے میں ایرانی کارٹونسٹ ہادی اسدی کے اس کارٹون پہلے نمبر پر آیا جس میں ٹرمپ کو ڈالر کے نوٹوں کی ایک جیکٹ پہنے اور ان کے پیلے بال جلتے ہوئے دکھایا گيا ہے۔
کارٹون کے اس مقابلے کی تھیم ’ٹرمپ ازم‘ تھی۔ تہران میں اس کا اہتمام کرنے والوں نے ماضی میں بھی نام نہاد اسلامی شدت پسند تنظیم داعش اور ہولوکاسٹ جیسے موضوعات پر پہلے بھی ایسی نمائشوں کا اہتمام کیا ہے۔
اس بار کا لوگو نازیوں کی علامت پر مبنی تھا جس میں سواستکا کی جگہ لفط ٹی کو شامل کیا گيا تھا۔ اس میں ایک طرح سے نازی ازم اور امریکی صدر کے درمیان موازنہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
کارٹون کی نمائش کے منتظم مسعود شجاعی طباطبائی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا: 'ٹرمپ ازم میں ازم سے ریس ازم یعنی نسل پرستی اور نازی ازم کی طرف اشارہ ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ان کے ریمارکس ہٹلر ہی جیسے ہیں۔ میڈیا اور پناہ گزینوں کے تعلق سے ان کا رویہ بھی بہت برا تھا۔'
اس برس کے دوسرے بعض کارٹونوں میں ٹرمپ کا میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کی بات کرنا، خواتین کے خلاف تشدد اور میڈیا پر حملے جیسے موضوعات کو عیاں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس مقابلے میں امریکہ اور برطانیہ سے بھی کئی کارٹونسٹس نے شرکت کی۔
امریکی فنکار کلیٹون جانز نے اپنے کام میں معروف ٹائم میگزین کی دو کاپیاں دکھائی ہیں جس میں سے ایک پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ہے جبکہ دوسری پر ہٹلر کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان دونوں کو میگزین کی کاپی پر 'پرسن آف دی ایئر' یعنی سال کی عظیم شخصیت کے طور پر پیش کیا گيا ہے۔ اس میں ٹرمپ ہٹلر سے کہہ رہے ہیں: 'یہ بڑے عزت و احترام کی بات ہے۔' اور اس کے جواب میں ہٹلر کہتا ہے: ’جی۔‘
اسی گروپ نے گذشتہ برس تہران میں ہولوکاسٹ جیسی تھیم پر ایک مقابلہ رکھا تھا جس کی اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے مذمت کی تھی۔
لیکن اس کا انعقاد کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد آزادی اظہار پر مغربی ممالک کے دہرے معیار کو عیاں کرنا ہے نا کہ نازیوں کی جانب سے نسل کشی کی تردید کرنا۔