آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’وزیراعظم نواز شریف کی انڈین ہم منصب سے غیر رسمی ملاقات‘
انڈیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیراعظم نواز شریف کی اپنے انڈین ہم منصب نریندر مودی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔
ابھی تک دونوں ممالک کی جانب سے سرکاری طور پر اس ملاقات کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں رہنما شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آستانہ میں موجود ہیں۔
جمعے کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں دونوں ممالک کو مکمل رکنیت دی جائے گی۔
انڈین اخبار انڈیا ٹو ڈے اور ہندوستان ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم نواز شریف کی مختصر ملاقات جمعرات کی شام کو قزاقستان کے صدر نور سلطان نذر بائیوف کی جانب سے دیے جانے والے اعشائیے کے موقع پر رہنماؤں کے لیے مختص لاؤنج میں ہوئی۔
انڈین اخبارات نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف سے ان کی والدہ اور خاندان کی خیریت بھی دریافت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے بعد دونوں رہنما تقریب میں ایک میز کی بجائے الگ الگ بیٹھے۔خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اجلاس کے موقع پر رسمی ملاقات طے نہیں ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متنازع کشمیر کی صورتحال، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات اور انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کی وجہ سے کشیدہ ہیں۔
خیال رہے کہ اپریل میں انڈیا کے ارب پتی صنعت کار سجّن جندل نے اپنے چند دوستوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بارے میں قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ شاید اس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کی اپنے انڈین ہم منصب سے ملاقات کے بارے میں بات کی گئی ہو۔
دفتر خارجہ نے اس غیر رسمی ملاقات کو نجی قرار دیتے ہوئے اس پر بات کرنے سے انکار کیا تھا جبکہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے اس بارے میں میڈیا میں ہونے والی چہ مہ گوئیوں کے جواب میں ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سجن جندل وزیراعظم نواز شریف کے پرانے دوست ہیں اور دو دوستوں کی ملاقات کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔