آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جلال آباد: سرکاری ٹی وی سٹیشن پر حملے میں چار حملہ آوروں سمیت 10 ہلاک
افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں سرکاری ٹیلی وژن کی عمارت پر شدت پسندوں کے حملے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے چاروں حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔
حملے میں ہلاک ہونے والے چار افراد کا تعلق سرکاری ٹیلی وژن چینل آر ٹی اے سے ہے جبکہ دو پولیس اہلکار بھی حملے کے دوران ہونے والی لڑائی میں مارے گئے۔
حکام کے مطابق چار حملہ آور سرکاری ٹیلی وژن کی عمارت کے اندر داخل ہوئے جن میں سے دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان تقریباً چار گھنٹوں تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔
اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ٹیلی وژن سٹیشن کے سربراہ سمیت کم از کم بارہ ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا تاہم دیگر لوگ اندر ہی محصور ہو کے رہ گئے تھے۔