انڈیا: شادی کی تقریب کے دوران دیوار گرنے سے 24 ہلاک

انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں ایک شادی کی تقریب کے دوران گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

شادی میں آنے والے مہمانوں نے اچانک تیز بارش سے بچنے کے لیے ایک دیوار پر رکھی جسد کی چادر کے نیچے پناہ لے رکھی تھی کہ اچانک ان لوگوں پر دیوار گر گئی۔

یہ واقعہ شہر بھرت پور میں پیش آیا ہے۔

حکام کے مطابق 28 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 15 افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق گرنے والی دیوار کے سائے میں ہی شادی کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

اخبارات نے مقامی پولیس افسر انیل ٹانک کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’تیز طوفانی آندھی کی وجہ سے شادی کے مقام پر دیوار اور اس پر رکھی جسد کی چادر گر گئی۔'

ان کا کہنا تھا کہ دیوار تقریباً 27 میٹر لمبی اور 13 فٹ اونچی تھی جس کے نیچے بیٹھے بہت سے مہمان اس کی زد میں آگئے۔

انیل ٹانک کا کہنا تھا: 'زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گيا اور ان کا علاج جاری ہے۔'

ریاست راجستھان کا ضلع بھرت پور دارالحکومت دلی سے جنوب میں تقریباً 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔