آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
افغانستان: دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں دو امریکی فوجی ہلاک
امریکہ کے محکمۂ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف ایک کارروائی میں دو امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پیٹاگون کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس کا کہنا تھا کہ فوجی اہلکار صوبہ ننگرہار میں لڑائی کے دوران مارے گئے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں امریکی فوج کے سٹاف سارجنٹ مارک ڈی الینسر کی اسی صوبے میں ہلاکت ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی سیکریٹری دفاع جم میٹس نے افغانستان کا دورہ بھی کیا تھا۔
امریکی فوجی افغانستان میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے دھڑے دولت اسلامیہ خراسان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پیٹاگون کے مطابق یہ فوجی کارروائی افغان نیشنل ڈیفینس اور سکیورٹی فورسز کے اشتراک کے ساتھ کی گئی تھی۔
افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن کا کہنا ہے کہ ’دولت اسلامیہ خراسان کے خلاف جنگ دنیا کے لیے اہم ہے، لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ قربانی سے خالی نہیں ہے۔‘
محکمۂ دفاع کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے تاہم ان کے نام عارضی طور پر ذرائع ابلاغ میں جاری نہیں کیے گئے۔
یہ فوجی کارروائی ننگرہار صوبے کے ضلع اچین کے قریب کی گئی جہاں حال ہی میں امریکہ نے ’بموں کی ماں‘ کہلایا جانے والا 9800 کلوگرام وزنی بم گرایا تھا۔