آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کشمیر میں ضمنی انتخابات، 20 ہزار اہلکار تعینات
انڈین پارلیمنٹ کی دو نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں حکومت نے مزید 20 ہزار نیم فوجی اہلکار وادی میں تعینات کر دیے ہیں۔
یہ انتخابات جنوبی اور وسطی کشمیر کے علاقوں میں ہوں گے اور انتخابات سے قبل پورے کشمیر میں مسلح حملوں اور مظاہروں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
نامہ نگار ریاض مسرور کے مطابق مسلح حملوں اور سکیورٹی کی تشویشناک صورتحال کے باعث حکمران پی ڈی پی اور حزب مخالف نیشنل کانفرنس ابھی تک سرینگر میں کوئی انتخابی ریلی نہیں کر پائے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس سال کے پہلے تین ماہ کے دوران 14 عام شہری مارے گئے ہیں اور بیشتر ہلاکتیں مسلح تصادموں کے دوران ہونے والے مظاہروں کے خلاف پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی طرف سے جلوسوں پر فائرنگ کی وجہ سے ہوئیں۔
اس عرصے میں نامعلوم مسلح افراد نے بھی دو شہریوں کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سال جنوری سے مارچ تک 33 مسلح شدت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔
اننت ناگ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے چھوٹے بھائی تصدق مفتی میدان میں ہیں اور ان کے خلاف کانگریس اُمیدوار کی حمایت سابق وزیرِاعلیٰ فاروق عبداللہ کر رہے ہیں جبکہ سرینگر میں پی ڈی پی کے خلاف فاروق عبداللہ کی حمایت کانگریس پارٹی کر رہی ہے۔
علیحدگی پسندوں نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی ہے تاہم حکومت نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق جیسے رہنماؤں کو ان کے گھروں میں نظربند کر دیا ہے جبکہ یاسین ملک کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ انتخابات فاروق عبداللہ کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ وہ حکمران پی ڈی پی کو آر ایس ایس کی پراکسی قرار دے رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ کشمیری مسلمان بی جے پی اور آر ایس ایس کے اتحادیوں کو مسترد کر دیں گے۔