آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جے للتا کے بعد تمل ناڈو کی ایک اور خاتون وزیرِ اعلیٰ
انڈیا کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں سابق وزیر اعلیٰ جے للتا کی موت کے بعد ان کی ساتھی اور معتمد خاص ششی کلا اب ان کی جگہ وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے والی ہیں۔
ریاست میں برسراقتدار جماعت 'اے آئی اے ڈی ایم کے' نے کہا ہے نگراں وزیر اعلیٰ او پنیر سلوم کے استعفے کے بعد ششی کلا وزیر اعلیٰ ہوں گی۔
خیال رہے کہ جے للتا کی موت کے بعد ان کی معتمد خاص ششی کلا کو پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی ان کے وزیر اعلیٰ بننے کی خبریں گشت کر رہی تھیں۔
پارٹی کے ترجمان سی آر سرسوتی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ 'وہ تمل ناڈو کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ اماں (ریاست میں جے للتا کو اسی نام سے پکاراجاتا تھا) کی طرح ہی ہم مضبوط خاتون رہنما چاہتے تھے جو لوگوں کی خدمت کر سکے۔'
خیال رہے کہ جے للتا کے ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد اکتوبر سے او پنیرسلوم ان کی ذمہ داری نبھا رہے تھے اور انھوں نے کہا کہ وہ 'ذاتی وجوہات' کے سبب اس عہدے سے دست بردار ہوئے ہیں۔
لیکن تمل ناڈو کی اہم حزب اختلاف ڈی ایم کے نے اس فیصلے پر تنقید کی ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما ایم کے سٹالن نے ٹویٹ کیا: 'تمل ناڈو کے شہریوں نے جے للتا کے گھر کے کسی فرد کو وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے ووٹ نہیں دیا تھا۔'
تین دہائیوں سے ششی کلا کے حامی ان کو 'چننمّا' یعنی چھوٹی ماں کے لقب سے پکارتے آ رہے ہیں اور وہ جے للتا کی زندگی کا اٹوٹ حصہ تصور کی جاتی رہی ہیں اور وہ وزیراعلیٰ کے ساتھ نظر آتی رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بہر حال جے للتا نے ششی کلا کو پارٹی یا حکومت میں کبھی کوئی عہدہ نہیں دیا اور وہ ہمیشہ ایک دوست اور معتمد کے طور پر ان کے ساتھ رہیں۔
لیکن تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اقتدار سے ان کی قربت اور ان کے بڑے خاندان کا پارٹی اور حکومت پر بہت اثرورسوخ رہا ہے۔
یہاں تک کہ جے للتا پر ان کے اثرورسوخ کے بارے میں میڈیا میں باتیں ہوتی رہی ہیں۔
ان پر بدعنوانی کے الزامات بھی عائد ہوئے اور انھیں جیل بھی ہوئی لیکن بعد میں ایک عدالت نے انھیں تمام الزامات سے بری کیا جس کے بعد وہ پھر سے اقتدار میں آئيں۔ اس معاملے میں انڈیا کی سپریم کورٹ نے بھی سماعت کی لیکن اس نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔