آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا: شادی سے انکار، خاتون نے عاشق پر تیزاب پھینک دیا
انڈیا کے جنوبی شہر بنگلور میں شادی سے انکار کرنے پر ایک خاتون نے اپنے عاشق پر تیزاب پھینک دیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
خاتون پیشے سے نرس بتائی جاتی ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے 32 سالہ جے کمار پروشوتم کے چہرے پر تیزاب پھینکا ہے اور ہسپتال میں ان کے چہرے پر چاقو سے وار کرنے کے بھی الزامات ہیں۔
پروشوتم کی جانب سے پولیس میں درج شکایت کے مطابق لیدیا یشپال نامی نرس سے ان کا اچھا رشتہ تھا اور لیديا ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔ لیکن وہ شادی سے اس لیے انکار کر رہے تھے کہ دونوں کے مذاہب مختلف تھے اور اسی سبب ان کے والدین اس شادی کو قبول نہیں کر رہے ہیں۔
پولیس کے پاس درج شکایت کے مطابق پروشوتم نے لیديا سے گذشتہ تین ماہ سے دوری قائم کر رکھی تھی اور لیديا یہ جان کر شدید غصے میں تھیں کہ پروشوتم شادی کے لیے دوسری لڑکی تلاش کر رہے ہیں۔
بنگلور کے پولیس ڈپٹی کمشنر (مغرب) ایم این انوچھیت نے بی بی سی کو بتایا: ’میں نے ایسا معاملہ پہلی بار دیکھا ہے۔ گذشتہ 12 سال کے ریکارڈ میں کسی خاتون کا مرد پر تیزاب سے حملے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ میں دوسرے محکموں کی بات نہیں کر سکتا۔‘
بنگلور (مغرب) پولیس کے ایک سینیئر افسر کا کہنا ہے کہ ’شہر میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ مجھے یاد نہیں کہ کسی خاتون نے کسی مرد پر تیزاب سے حملہ کیا ہو۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کو ابھی لیديا کی عدالتی حراست کا پروانہ نہیں ملا ہے۔ لیديا یشپال کو بدھ کو عدالت میں حاضر ہونا ہے۔
بنگلور میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور نئے سال میں بڑے پیمانے پر میڈیا میں ایسی خبریں آتی رہی ہیں۔