'کریزی سمت' بوسوں کے باعث مشکل میں

،تصویر کا ذریعہYoutube
انڈیا کے ایک یو ٹیوب کے صارف سمت ورما اس وقت ایک مشکل میں مبتلا ہو گئے جب انھوں نے مذاق کے طور پر عوامی جگہوں پر خواتین کے بوسے لیے اور بھاگ جانے کی ویڈیو یو ٹیوب پر اپ لوڈ کی۔
یو ٹیوب پر اس ویڈیو کے آنے کے بعد دہلی کی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جن خواتین کے بوسے ورما نے لیے تھے ان سے استدعا کی ہے کہ وہ پولیس سے تعاون کریں۔
تاہم سخت عوامی رد عمل کے بعد ورما نے معافی مانگی ہے اور اس ویڈیو کو ہٹا دیا ہے۔
ورما نے یہ ویڈیو ایسے وقت اپ لوڈ کی جب نئے سال کے موقعے پر بنگلور میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آئے۔

،تصویر کا ذریعہYoutube
سمت ورما کا یو ٹیوب پر 'کریزی سمت' کے نام سے چینل ہے جس کے ڈیڑھ لاکھ ممبران ہیں۔ ورما نے کہا کہ انھوں نے یہ ویڈیو مذاق کے طور پر بنائی تھی اور ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
لیکن پولیس ان کی اس وضاحت سے مطمئین نہیں ہے۔
پولیس کی ترجمان دیپندرا پاتھک نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا 'یہ ویڈیو میڈیا کے ذریعے پولیس کے نوٹس میں آئی ہے۔ ہم نے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ویڈیو فیس بک اور یو ٹیوب پر دستیاب ہے اور ہم اس کے چھان بین کر رہے ہیں۔'



