آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا میں انکم ٹیکس کے چھاپوں میں کروڑوں کی نئی کرنسی ضبط
انڈیا میں پانچ سو اور ہزار کے پرانے نوٹوں کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو ایک ماہ سے زیادہ ہو چکا ہے لیکن ایک طرف جہاں بینکوں میں اب بھی نقد رقم کے لیے لوگوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں وہیں ملک کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر نئی کرنسی میں رقوم ضبط کی گئی ہے۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی مقامات پر کروڑوں روپے کا کیش برآمد کیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں بڑے تاجروں اور بینکوں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ تازہ کارروائی جے پور میں کی گئی ہے۔
آسام پولیس نے پیر کو گوہاٹی میں ایک کاروباری شخصیت کے گھر پر چھاپہ مار کر 1.55 کروڑ روپے کی نقد رقم ضبط کی جو نئے 2000 اور 500 کے نوٹوں میں ہے۔
جے پور میں پیر یعنی 12 دسمبر کو ہی پولیس نے 93.52 لاکھ روپے نئی کرنسی میں ضبط کیے۔ یہ پیسے سات لوگوں کے پاس سے 2000 کے نوٹوں میں ملے ہیں۔
بنگلور میں انکم ٹیکس کے اہلکاروں نے یکم دسمبر کو 4.7 کروڑ روپے دو افراد سے برآمد کیے۔ اس واقعے میں 2000 کے علاوہ 500 اور 100 روپے کے بھی نوٹ برآمد ہوئے اور سونے کے بسکٹ بھی۔
چنئی میں انکم ٹیکس محکمہ نے آٹھ مقامات پر چھاپے مار کر 90 کروڑ روپے اور 100 کلو سونا برآمد کیا۔ آٹھ دسمبر کو کی گئی اس کارروائی میں برآمد شدہ 90 کروڑ میں سے کچھ نوٹ نئی کرنسی میں تھے اور باقی پرانی کرنسی کے نوٹ تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویلور شہر میں نو دسمبر ایک وین گھومتی ہوئی پائی گئی جس میں خاصا کیش تھا۔ جب پولیس نے وین کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے 24 کروڑ کیش نکلا۔ یہ پیسہ مبینہ طور پر کسی صنعتکار کا تھا۔
دارالحکومت دہلی کے چاندنی چوک واقع ایک بینک پر انکم ٹیکس حکام نے چھاپہ مارا جس کے دوران معلوم ہوا کہ 44 جعلی اكاؤنٹس میں 100 کروڑ روپے جمع کیا گیا تھا۔
جنوبی دہلی میں گیارہ دسمبر کو مارے گئے چھاپے میں ایک لا فرم کے دفتر سے 13 کروڑ روپے برآمد کیے گئے جس کا ایک حصہ نئی کرنسی میں تھا۔
انکم ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملک کے مختلف مقامات سے برآمد کیے گئے نئے 'کرنسی' کے نوٹوں سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے بعد اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔