آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فضائي آلودگی کے باعث دہلی کے تمام سکول بند، مصنوعی بارش پر غور
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد ریاست کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سرکاری طور پر چند اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے آئندہ تین دنوں کے لیے دہلی کے تمام سکول کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے اس کے علاوہ مصنوعی بارش پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
دہلی میں گذشتہ ایک ہفتے سے حالات ناگفتہ بہ ہیں۔ فضائی آلودگی میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ آنکھیں جلنے لگی ہیں اور گلے میں چبھن کا احساس ہوتا ہے۔
ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت نے دس نکاتی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی نے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
1. اگلے تین دنوں تک دہلی کے سارے سکول (سرکاری اور پرائیویٹ) بند رہیں گے۔
2. دس دنوں کے لیے دہلی کے جنوب میں واقع بدرپور پاور پلانٹ کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
3. کوئلے پر مبنی بدرپور پاور پلانٹ سے راکھ اٹھانے پر بھی روک لگائی گئی ہے۔
4. دہلی میں پانچ دنوں تک تمام طرح کے تعمیری کام بند رہیں گے۔
5. سوموار سے دہلی کی سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کیے جائيں گے۔
6. دس دنوں تک دہلی میں جنریٹر چلانے پر پابندی رہے گی۔
7. ایک بار پھر ایک دن طاق اور ایک دن جفت نمبر کی گاڑیوں کے نظام کو عمل میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
8. دہلی میں کوڑے جلانے پر فی الحال مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔
9. دس نومبر سے سڑکوں کو ویکیوم کے ذریعے صاف کیے جانے کا عمل شروع ہوگا۔
10. مصنوعی بارش پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
کجیریوال نے کہا کہ ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ آلودگی کی سطح اس خطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔ ہم فصلوں کے پیال جلانے کو ہی اس کا واحد سبب قرار نہیں دیتے۔