’امریکہ کے لیے جاسوسی پر قتل‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے نواحی گاؤں میں ایک مقامی شخص کو امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں قتل کردیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان سے موصول ہونے والی مقامی انتظامیہ کے اطلاعات کے مطابق بدھ کو شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے بیس کلومیٹر دور مشرق کی جانب پیر کلائی میں مقامی لوگوں کو ایک لاش ملی جس کے ساتھ پشتو زبان میں تحریر شدہ ایک خط بھی پڑا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مقتول امریکہ کے لیے جاسوسی کرتاتھا۔ خط میں خبر دار کیا گیا ہے کہ امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے والوں کا انجام یہی ہوگا۔ خط میں اس شخص کا نام فیروز خان اور تعلق شمالی وزیرستان کے گاؤں خوشحالی سے بتایا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے مقامی لوگوں نے بی بی سی کو بتایا کہ فیروز خان کو تیس اپریل کو نامعلوم نقاب پوشوں نے بنوں کے قریب ایپئ سے اغواء کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ فیروز خان فوج میں ملازم تھا اور چھٹی پر شمالی وزیرستان آیا تھا۔ یادرہے کہ گزشتہ چار سال کے دوران درجنوں افراد کو امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں قتل کیا جا چکا ہے۔ان وارداتوں کا الزام علاقے میں سرگرم مبینہ شدت پسندوں پر لگایا جاتا ہے۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||