BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 17 January, 2008, 14:35 GMT 19:35 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’ق‘ بمقابلہ ’ن‘ اشتہاری بازی

پاکستان مسلم لیگ ق کا مسلم ن کے خلاف اشتہار کا عکس
پاکستان میں محرم الحرام اور سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر جلسہ جلسوں کے اعتبار سے تو انتحابی مہم کافی پھیکی نظر آرہی ہے لیکن ان دنوں مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اشہار بازی کا مقابلہ زوروں پر ہے۔

اشتہار مہم کا آغاز تو مسلم لیگ (ق) نے کیا لیکن اب مسلم لیگ (ن) نے بھی بھرپور انداز میں اپنی جوابی اشتہار بازی شروع کردی ہے۔

آج کے ایک اخبار کے صفحہ اول پر مسلم لیگ (ق) نے نصف صفحے کا اشتہار شایع کیا ہے جس کا عنوان ہے ’وہ کون سنگدل وزیراعظم تھا‘۔ اس اشتہار میں گیارہ جنوری انیس سو ننانوے کو شایع ہونے والی ایک خبر کا تراشہ شامل کیا گیا ہے: ’غربت مہنگائی اور فاقے۔ کھلی کچہری میں بیروز گار کی خود کشی‘۔

اس شہہ سرخی کی ذیلی سرخی ہے: ’ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے خود سوزی کرنے والا چھ بچوں کا باپ زبیر چن‘۔


اس اشتہار میں مزید لکھا ہے: ’یہ ہے بھوک اور مہنگائی کا ستایا ہوا غریب آدمی جس نے اس سنگدل کے گھر کے سامنےخود کو زندہ جلایا جبکہ وہ سنگدل گھر میں بیٹھا عیش کرتا رہا۔ اس غریب کی چیخیں اسکے پتھر دل کو نرم نہیں کرسکیں‘۔

مسلم لیگ (ق) کے اس اشتہار میں سرخ رنگ میں لکھا ہے: ’عوام اس بھگوڑے کو پہچانتے ہیں۔ ملک کی دولت تو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر کھاگیا اب ووٹ کس منہ سے مانگ رہا ہے؟‘ پاکستان مسلم لیگ

جواب میں ایک دوسرے اردو اخبار میں ایک چوتھائی صفحے کے رنگین اشتہار میں میاں نواز شریف کی تصویر ہے اور سوال کیا گیا ہے: ’یہی ہے تمہاری کارکردگی؟‘ نیچے لکھا ہے: ’آٹا بند، بجلی بند، گیس بند، صنعتیں بند، بازار بند، جج بند، وکیل بند، میڈیا بند۔‘

مسلم لیگ نواز کے اشتہار کے آخر میں موٹے اور نمایاں الفاظ میں لکھا ہے: ’تمہارا یومِ حساب قریب آگیا ہے‘۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ کچھ عرصہ قبل اپنے جلسے جلوسوں میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کو کھلی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

انہوں نے آصف زرداری کو بدعنوان کہتے ہوئے نواز شریف اور شہباز شریف کو ان کا (زرداری کا) پنجاب میں برانچ منیجر کہہ کر پکارا تھا۔

مسلم لیگ (ق) نے اشتہار بازی کا آغاز تو پیپلز پارٹی کے خلاف کیا لیکن اب انہوں نے اپنی توپوں کا رخ مسلم لیگ (ن) کی طرف موڑ دیا ہے۔

واضح رہے کہ بینظیر بھٹو کی زندگی میں مسلم لیگ (ق) نے ایک اشتہار شایع کیا تھا جس میں مبینہ طور پر بینظیر بھٹو کی طرف سے امریکی سینیٹر کو لکھے گئے خط کا عکس شایع کیا گیا۔ اس میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ بینظیر بھٹو نے امریکہ سے پاکستان کی امداد بند کرنے کا کہا تھا۔ پیپلز پارٹی نے اس خط کو جعلی قرار دیا تھا۔

ستائیس دسمبر کو جب بینظیر بھٹو کو قتل کیا گیا تو اس کے رد عمل میں ہونے والی توڑ پھوڑ کے بعد بھی مسلم لیگ (ق) نے پیپلز پارٹی کے خلاف کئی اشتہار شایع کیے۔ جب ان اشتہارات پر مسلم لیگ (ق) کے صوبہ سندھ کے راہنماؤں سمیت مختلف شعبوں سے بھرپور تنقید ہونے لگی تو اب سابقہ حکمران جماعت نے مسلم لیگ (ن) کو نشانہ بنایا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ق) کے پیپلز پارٹی کے خلاف اشتہاروں کا لسانی عصبیت پھیلانے کے الزام میں نوٹس لیتے ہوئے جواب طلبی بھی کی ہے۔

لیکن مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ (ن) کی حالیہ اشتہار بازی کے بارے میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کنور دلشاد کہتے ہیں کہ اگر کوئی متاثرہ جماعت کمیشن کے پاس شکایت کرے گی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد