بھائی کی رہائی، تین بہنیں ’ونی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
میانوالی میں بدلہ صلح میں لڑکیوں کو ونی کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اغوا کے ایک مقدمے میں گرفتار شخص کو رہا کرانے کے لیے اس کی تین بہنوں کو ونی کیا گیا ہے۔ ونی قرار دی جانے والی تینوں بہنوں اٹھارہ سالہ آسیہ، تیرہ سالہ کوثر اور دس سالہ یاسمین نے میانوالی میں پاکستان انسانی حقوق کمیشن کے اہلکار ایڈووکیٹ خلیل الرحمنٰ کے ذریعے حکومت اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ لڑکیوں کو پانچ برس قبل سنہ دو ہزار میں گاؤں سرو والا میں اس وقت ونی قرار دیا گیا جب آسیہ سمیت تینوں لڑکیاں نا بالغ تھیں۔ تفصیلات کے مطابق لڑکیوں کا بھائی سلیم خان ہمسایوں کی لڑکی صفیہ کو لے کر فرار ہوگیا تھا۔ جس پر لڑکی کے خاندان والوں نے سلیم خان سمیت آٹھ افراد کے خلاف تھانہ موسیٰ خیل میں اغوا کا مقدمہ درج کرادیا۔ پولیس نے لڑکی برآمد کر کے سلیم اور باقی ملزموں گرفتار کرلیا۔ سلیم کے والد سلطان خان نے بیٹے کے جیل جاتے ہی لڑکی کے گھر والوں سے پنچایت کے ذریعے صلح کی بات چلائی۔ دونوں فریقین میں اس بات پر اتفاق ہوگیا کہ سلطان خان بیٹے کی رہائی کے بدلے اپنی تین بیٹیاں ونی کرے گا۔ نتیجتاً آسیہ کا شرعی نکاح صفیہ کے بھائی احمد خان، کوثر کا ساجد خان اور یاسمین کا بابر خان کے ساتھ پڑھا دیا گیا۔ معاملہ اس طرح طے پا جانے کے بعد سلیم اور اس کے ساتھیوں کو جیل سے رہائی مل گئی۔ تاہم احمد خان نے کچھ عرصہ بعد سلیم خان کے خاندان کی ایک لڑکی نسرین کو مبینہ طور پر بندوق کی نوک پر اغوا کر لیا۔احمد خان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج ہوا اور کچھ عرصہ بعد پولیس نے اسے گرفتار کرکے نسرین کو برآمد کر لیا۔ طبی معائنے میں نسرین کے ساتھ جنسی زیادتی ہونا بھی ثابت ہوئی۔ احمد خان ان دنوں جیل میں ہے لیکن اس کا خاندان اس کی ’جوابی کاروائی‘ کے باوجود ونی ہونے والی آسیہ، کوثر اور یاسمین کے رشتے ترک کرنے پر رضا مند نہیں چاہے بعد میں احمد کو چھڑانے کے لیئے اسے بھی کچھ لڑکیاں ونی کرنا پڑیں۔ تینوں بہنوں نے ونی ہونے سے انکار کرتے ہوئے حکومت سے زندگی کے تحفظ کی درخواست کی ہے۔ | اسی بارے میں ’ہم خود کو زندہ جلا لیں گے‘05 December, 2005 | پاکستان میانوالی:’ونی کے واقعات میں اضافہ‘28 November, 2005 | پاکستان ونی کے رشتے قانونی نہیں: حکومت29 November, 2005 | پاکستان ’ونی، زندہ درگور ہونے والی بات ہے‘24 November, 2005 | پاکستان ’ونی‘ کی شادی پر حالات کشیدہ22 November, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||