مظفرآباد کے قریب ایک اور بس حادثہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں وادی نیلم جانے والی سڑک پر پیر کوایک اور ٹریفک حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ڈیڑھ درجن کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا۔ یہ حادثہ مظفر آباد سے تین کلومیڑ کے فاصلے پر وادی نیلم کو جانے والی سڑک پر یادگار کے مقام پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک مسافر جیپ ایک بلڈوزر سے ٹکرا کر دریا کے کنارے جاگری ۔ یہ مسافر جیپ مظفر آباد سے آ رہی تھی ۔ پولیس کے مطابق جیپ میں پچیس افراد سوار تھے جو گنجائش سے زیادہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے جب کہ سولہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ وادی نیلم پر گذشتہ روز بھی ایک ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس میں تین افراد ہلاک جب کہ بیس کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ واضع رہے مظفرآباد کو وادی نیلم سے ملانے والی سڑک زلزے کے باعث کئی مقامات سے ٹوٹ گئی ہے یا تودے گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے اور اس سڑک کو دونوں طرف سے کھولنے کے لیے کام جاری ہے۔ اب تک ایک طرف سے مظفرآباد سے چھل پانی تک بارہ کلومیڑ سڑک آمدرفت کے قابل بنائی گئی ہے لیکن یہ سڑک خراب ہے اور معمولی غلطی حادثے کا باعث بن سکتی ہے ۔ چھل پانی سے مظفرآباد یا مظفرآباد سے چھل پانی تک لوگ گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں جب کہ چھل پانی کے دوسری طرف دیہاتوں یا وادی نیلم جانے کے لئے یا دوسری طرف سےچہل پانی تک آنے کے لئے لوگوں کو پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ اتوار کے روز ایک دوسرے ضلع باغ میں بھی ایک ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس میں گیارہ افراد ہلاک جبکہ درجن کے قریب زخمی ہوگئے تھے ۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||