ساڑھے چھ ارب ڈالر کا خسارہ؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گورنر اسٹیٹ بنک آف پاکستان گورنر عشرت حسین نے کہا ہے کہ ملک میں اس سال ساڑھے چھ ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا تب بھی حکومت اسے پورا کر لے گی تاہم خسارہ کے صحیح اعداد و شمار اگلے ہفتہ بنک کی سہ ماہی رپورٹ میں سامنے آجائیں گے۔ عشرت حسین سے پوچھا گیا تھا کہ اس سال ساڑھے چھ ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہورہا ہے تو انہوں نے اس بات کی تردید نہیں کی اور تفصیل بتائی کہ حکومت اسے کس طرح پورا کرے گی۔ وہ لاہورمیں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ تجارتی خسارے کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو چار ارب ڈالر بیرون ملک سے بھیجے جانے والی رقوم کی ترسیلات سے ملیں گے، ایک ارب ڈالر کی براہ راست بیرون ملک سرمایہ کاری سے ملیں گے اور باقی ایک ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ سے لیے جائیں گے۔ گورنر عشت حسین نے کہا کہ اس خسارہ کی وجہ یہ ہے کہ اس سال چودہ ارب ڈالر کی درآمدات ہوئی ہیں جن میں سے تقریباً بیالیس فیصد مشینری درآمد کرنے پر خرچ ہوا ہے۔ عشرت حسین نے کہا کہ مشینری کی درآمد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں صنعتی مصنوعات کی تیاری (مینوفیکچرنگ) پر سرمایہ کاری ہورہی ہے اس شعبہ کی توسیع ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں سرمایہ کاری میں بائیس فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔
گونر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں ساڑھے تین سو ارب روپے کے قرضے (کریڈٹ) بینکوں نے تقسیم کیے تھے اور اگر اس سال بھی اتنے ہی قرضے جاری ہوئے تو اس کا مطلب ہے کہ دو برسوں میں سات سو ارب روپے تقسیم ہوئے جو بارہ ارب ڈالر کی رقم بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے تین سو ارب کے قرضوں میں سے پینتالیس فیصد مینوفیکچرنگ کو دیے گئے، تئیس فیصد درمیانی اور چھوٹی صنعتوں، تقریبا چودہ فیصد زرعی شعبہ اور دس فیصد کنزیومر فائنانس کے لیے دیے گئے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ملک کی معیشت کے دو اہم ستون ہیں۔ ایک زرعی شعبہ اور دوسرے درمیانی اور چھوٹی صنعتیں۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ زرعی شعبہ کو دیے جانے والے قرضوں کا ستر فیصد درمیانہ اور چھوٹے کاشتکاروں کو جارہا ہے جن کی زمین ساڑھے بارہ ایکڑ تک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کمرشل بنک زرعی شعبہ کو قرضے فراہم کرنے میں بہت سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قرضوں کی واپسی کی شرح پچانوے فیصد ہے اور ان قرضوں کا تقریبا بیالیس فیصد کھاد خریدنے کے لیے دیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ زرعی شعبہ کے لیے قرضے دینے کا ہدف اگلے سال میں بڑھا کر سو ارب کردیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ حکومت درمیانی اور چھوٹی (ایس ایم ای) صنعتوں پر توجہ دے رہی ہے اور ان کے لیے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کا کام شروع کردیاگیا ہے اور اس شعبہ کے لیے قرضوں (کریڈٹ) کا ہدف اس سال تک مقرر کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے درمیانی اور چھوٹی صنعتوں کی کی ترقی کے لیے ایک کانفرنس منعقد کی ہے اور اس شعبہ کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ عشرت حسین نے کہا کہ ملک میں بینکوں کی ڈھائی ہزار شاخیں آن لائن ہیں اور اس سال دسمبر تک ان کی تعداد بڑھ کر پانچ ہزار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بینکوں کی آٹھ سو سے زیادہ اے ٹی ایم مشینیں کام کررہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانچ ہزار کا کرنسی نوٹ اس سال چودہ اگست یا پچیس دسمبر تک جاری کردیا جائے گا اور اس نوٹ پر صدر جنرل پرویز مشرف کی تصویر شائع نہیں کی جائے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||