ایوب کھوسو پر قاتلانہ حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹی وی فنکار ایوب کھوسو ایک حملے میں بچ گئے ہیں جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی ہوگئے ہیں- ایوب کھوسو نے دھمکی دی ہے کہ اگر پولیس ان کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی تو وہ ملزمان سے خود بدلہ لیں گے- ڈاکوؤں نے جیکب آباد کے قریب گاؤں مددپور میں ایوب کھوسو پر بدھ کو رات کی تاریکی میں اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی زمینوں پرموجود تھے- مسلح افراد نے ان کےگندم کے ڈھیر کو آگ لگانے کے بعد فائرنگ شروع کردی لیکن ٹی وی اداکار معجزانہ طور پر بچ گئے جب کہ ان کے دو چوکیدار مہرگل بروہی اور وریام زخمی ہوگئے- جنہیں اسپتال پہنچایاگیا ہے- ایوب کھوسو کوئٹہ ٹی وی کے مقبول فنکار ہیں انہوں نے دھواں، کشکول اور دشت جیسے مقبول سیریل ڈراموں میں اہم کردار کیے ہیں- چند سال قبل ڈاکؤوں نے پاکستان کے معروف گلوکار مہدی حسن کو خیرپور کے قریب لوٹ لیا تھا اور ان کے ساز بھی چین لئے تھے- بعد میں مشہور غزل کے گائک کوانتظامیہ نے ساز واپس لا دیئے تھے- اسی طرح کچھ عرصہ قبل سندھی زبان کے ایک مہشور گلوکار منظور سخیرانی کو ڈاکوؤں نے اغوا کیا تھا جو ایک ماہ تک ڈاکوؤں کی تحویل میں رہے اور بعد میں مبینہ طور پر بھاری تاوان ادا کرنے کے بعد رہا کیا گیا- ڈاکوؤں نے ٹی وی اداکار ایوب کھوسو کے نام ایک خط بھی چھوڑا ہےجس میں علاقے کے بدنام ڈاکو بڈھو سرکی نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل سرکی کے بھائی کو کھوسو نے پولیس کے ہاتھوں مروایا تھا- جس کے جواب میں یہ معمولی کارروائی کی گئی ہے- ایوب کھوسو کا کہنا ہے کہ دو سال قبل ان کے آبائی گاؤں مددپور کے قریب ڈاکو بڈھو سرکی کا بھائی ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا- بڈھو سرکی نے ان پر اس قتل کا الزام لگا کر یہ قاتلانہ حملہ کیا ہے- انہوں نے کہا کہ ڈاکؤوں نےآگ لگا کر ان کی لاکھوں روپے کی مالیت کی فصل جلا راکھ کردی ہے لیکن پولیس اس کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کر رہی ہے- بدھ کے روز ایوب کھوسو کی سربراہی میں سینکڑوں افراد نے جیکب آباد کے قریب نورل واہ کے مقام پر مظاہرہ کیا- اور پرانے ٹائروں کو آگ لگادی- مظاہرے کی وجہ سے جیکب آباد ٹھل روڈ پر ایک گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی- ایوب کھوسو نے ڈاکوؤں کی بھیجی ہوئی چٹھی پولیس تھانے پر پیش کی ہے جس میں ڈاکؤوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ دوبارہ کھوسو کے مہمان بنیں گے- ایوب کھوسو کا کہنا کہ وہ ابھی تک ایک آرٹسٹ ہیں لیکن اگر پولیس ان کا تحفظ کرنے اور مدد کرنے میں ناکام رہی تو ان کا دوسرا روپ سامنے آئے گا اور وہ ملزمان سے خود بدلہ لیں گے- تھانہ کریم بخش کی پولیس نے ایوب کھوسو کی فریاد پر قتل کی دھمکی دینے اور فصل کو آگ لگانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے- |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||