BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’کیمپ ایکسرے میں ذہنی تشدد‘

گوانتانامو قیدخانے کیمپ ایکسرے کا کارڈ
کئی عرب قیدیوں نے اب تک زبان نہیں کھولی
خلیج گوانتانامو، کیوبا کے امریکی فوجی قید خانے سے گزشتہ دنوں رہائی پانے والے دو افغان بھائیوں کا کہنا ہے کہ کیمپ ایکسرے میں قیدیوں کو شدید ذہنی اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کی بنا پردرجنوں قیدی دماغی توازن کھو چکے ہیں۔

افغانستان میں جنگ کے بعد سات سمندر پار گوانتاناموبے کیوبا میں قائم کئے گئے اس متنازعہ قیدخانے کیمپ ایکسرے تک صحافیوں کی رسائی آج بھی ممکن نہیں لہذا وہاں سے رہائی پانے والے ہی وہاں کے حالات جاننے کا واحد ذریعہ ہیں۔

News image

بیالیس سالہ عبدالرحیم دوستیار اور پینتیس سالہ بدر زمان بدر تین برس کی قید کے بعد گزشتہ ہفتے واپس لوٹے ہیں۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے دونوں بھائی پاکستانی شہریت بھی رکھتے ہیں اور پشاور میں تیس برس سے مقیم ہیں۔

امریکہ کے اس قید خانے سے خیریت سے لوٹنے پر آج کل ان کی رہائش گاہ پر مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ صحافیوں کی فوج اس کے علاوہ ہے۔

ان دو بھائیوں کے بقول ان کے سیاسی مخالفین نے پشاور سے نومبر دو ہزار ایک میں گرفتار کروا کے افغانستان اور بل آخر خلیج گوانتنامو، کیوبا بھجوا دیا تھا۔ انہیں پشاور میں پاکستان فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے پشاور میں گرفتار کر کے امریکیوں کے حوالے کیا تھا۔

News image
دونوں بھائی صحافی ہیں اور اپنی تحریروں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں

ان کا تعلق بنیادی طور پر مشرقی افغانستان میں ننگرہار صوبے سے ہے۔ پشاور میں وہ ایک مدرسے میں معلم کے علاوہ صحافت سے بھی منسلک تھے۔ عبدالرحیم پشتو کے تین رسائل کے مدیر جبکہ بدر زمان رپورٹر تھے۔ ان کے مطابق وہ پاکستان میں اسلامی صحافتی تنظیم کے رکن بھی تھے۔

بدر زمان سے پوچھا کہ اب حالات کیا ہیں اور کس قسم کا تشدد قیدیوں پر کیا جا رہا ہے تو اس کا کہنا تھا کہ جسمانی تشدد تو کوئی نہیں کیا جاتا لیکن ذہنی دباؤ اتنا ہوتا تھا کہ بڑی تعداد میں قیدی پاگل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’قرآن پاک کو زمین پر گرانا، جانوروں کی طرح پنجروں میں رہنا اور کیوبا تک سفر کے دوران بگرام ور قندہار میں اذیتیں، بہت مشکل حالات تھے جن سے انہیں گزرنا پڑا۔

عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ان کی رضامندی کے بغیر ان کی داڑھی منڈوانا اور ننگا کرنا بھی تشدد کے ہتھکنڈے تھے۔

News image
داڑھی مونڈنا اور ننگا کردینے کے ہتھکنڈے بھی ذہنی اذیت پہنچانے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے

انہوں نے بتایا کہ تین سال تک ان تمام مشکلات اور تشدد کے باوجود بہت سے ایسے عرب قیدی ہیں جنہوں نے ابھی تک زبان نہیں کھولی اور امریکیوں سے کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ذہنی اذیت پہنچانے کا ایک اور امریکی ہتھکنڈا یہ ہے کہ تفتیش والے کمرے اور کئی دیگر مقامات پر امریکیوں نے قیدیوں کی پسندیدہ خوراک یعنی کباب وغیرہ کی تصاویر نصب کر رکھی تھیں۔

’وہ ہمیں کہا کرتے تھے کہ اگر آپ ہمیں سب کچھ بتا دیں تو ہم آپ کو چھوڑ دیں گے اور آپ یہ کھانے کھا سکیں گے۔‘

بدر زمان کا کہنا تھا کہ اسے اپنی قید کے دوران اپنے بیوی بچوں کے علاوہ گندم کی روٹی بہت یاد آئی۔

قیدیوں کے بارے میں کوئی اعدادوشمار میسر نہیں اور ابھی بھی معلوم نہیں کہ وہاں کتنے قیدی موجود ہیں۔ پاکستانیوں کے بارے میں بھی صورتحال مبہم ہے۔ کئی درجن تو لوٹ چکے ہیں لیکن باقی رہ جانے والوں کے بارے میں سرکاری سطح پر تعداد نہیں معلوم۔ لیکن ایک اندازے کے مطابق اسی سے زائد قید تھے جن میں سے اب بقول بدر زمان تین بچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی سب وہاں سے رہا کر دئے گئے ہیں۔

اگرچہ ابھی تک کسی بےگناہ قیدی کو رہائی پر کوئی معاوضہ نہیں مل سکا لیکن بدر زمان کا کہنا ہے کہ وہ اس کا مطالبہ ضرور کریں گے۔

’جب ہمیں گرفتار کرنے کے لئے چھاپہ مارا گیا تو ہمارے پاس لاکھوں روپے کے قیمتی پتھر تھے وہ بھی آئی ایس آئی والے لے گئے۔ وہ ہمیں ملنے چاہیں۔ قید کے دوران ہمارا لکھنے والا کام یعنی شاعری وغیرہ بھی واپس کی جانی چاہیے۔ پھر جو اتنا عرصہ بلاوجہ قید رکھا اس کا حساب بھی ہونا چاہیے۔‘

تاہم ان کے بڑے بھائی عبدالرحیم کسی معاوضے کا تقاضہ نہیں کرنا چاہتے۔

خلیج گوانتانامو کے قید خانے کے قیام کو بارہ سو سے زائد روز ہوچکے ہیں لیکن اس دوران امریکہ پر کی جانے والی کڑی تنقید کا بظاہر کوئی اثر ہوتا دیکھائی نہیں دیتا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد