آئل ٹینکروں پر حملہ، تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر واقع شہر سپین بولدک میں نا معلوم افراد نے تین تیل کے ٹینکروں پر حملہ کیا ہے جس میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سپین بولدک سے ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ واقعہ کل شام اس وقت پیش آیا جب پیٹرول سے بھرے ٹینکر سپین بولدک کی شہری حدود سے باہر نکل گئے۔ افغانستان کے سرحدی امور کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ آٹھ نا معلوم افراد راستے میں گھاٹ لگائے بیٹھے تھے اور اپنے چہرے چھپا رکھے تھے۔ جیسے ہی تیل کے تین ٹینکر وہاں پہنچے ان پر فائرنگ شروع کر دی گئی جس میں دو افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی نے سپین بولدک ہسپتال میں دم توڑ دیا ہے۔ اہلکار نے بتایا ہے کہ یہ تیل پاکستان سے آتا ہے اور یہ تیل امریکی اڈوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق صوبہ سرحد سے لگتا ہے تاہم انھوں نے کہا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاحال اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نا ہی کسی گروپ نے اس بارے میں ذمہ داری قبول کی ہے۔ افغانستان کے مختلف جنوبی علاقوں میں اس طرح کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ افغان حکومت مشتبہ طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے تاکہ ملک میں امن قائم ہو۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||