بل جمع کرانے کے خصوصی مراکز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے’ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی‘ یعنی ’نادرہ‘ کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں بجلی، گیس اور فون بلوں کی وصولی کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں۔ جمعہ کے روز ’نادرہ‘ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جلد سے جلد ملک بھر میں الیکٹرانک کھوکھے یا ’ کیاسک‘ قائم کیے جائیں تاکہ عوام کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی مراکز چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے اور کسی وقت بھی لوگ اپنے’یوٹیلٹی بلز‘ ادا کرسکیں گے۔ یہ سہولت ملنے کے بعد لوگوں کو ان کے مطابق بینکوں کے باہر طویل قطاروں میں کھڑا ہونا نہیں پڑے گا۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی ترقیات کے مجاز ادارے ’سی ڈی اے‘ کی زمینوں کا مکمل ریکارڈ بھی کمپیوٹرائیز کرنے کے لیے ’نادرہ‘ کو ہدایت کردی ہے۔ ان کے مطابق اس سے جعلسازی روکنے اور قبضہ مافیا کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ گاڑیوں کے اندراج کے نظام کو کمپیوٹرائیز کرنے اور چوری شدہ گاڑیوں کی تلاش کے لیے ’وہیکل ٹریکنگ سسٹم‘ شروع کرنے کے لیے بھی نادرہ کو ہدایت کردی گئی ہے۔ ’نادرہ‘ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا ادارہ ہے جس میں سات ہزار کے قریب ملازم ہیں اور یہ ادارہ کمپیوٹرائیز شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا بھی کام کر رہا ہے۔ قبل ازیں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو متعلقہ حکام نے بتایا کہ انہوں نے ایسا خود کار نظام تیار کیا ہے جس میں تاحال چھ کروڑ ستر لاکھ شہریوں کی انگلیوں کے نشانات اور چہروں کی شناخت کی جاسکتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||