ٹریکٹر ٹرالی حادثہ41 لاشیں برآمد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے ممدانی کے قریب ایک پہاڑی نالے میں بہہ جانے والے درجنوں افراد میں سے اکتالیس کی لاشیں مل گئی ہیں۔ متاثرہ افراد کوہ سلیمان کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں واقع مذہبی مقام کی زیارت کر کے ٹریکٹر ٹرالی پر سوار واپس آرہے تھے۔ ڈیرہ غازی خان سے آنے والی اطلاعات کے مطابق زندہ پیر کے نام سے پکارے جانے والے مذہبی مقام پر ان دنوں سالانہ رسومات کے سلسلے میں زائرین کی آمدورفت جاری ہے۔ علاقے میں آباد بلوچ قبائل کے لوگ زندہ پیر کی رسومات میں بڑھ چڑھ کہ حصہ لیتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے ہی علاقے چوٹی زیریں کی بستی جام سے تعلق رکھنے والے لاشاری بلوچ خاندان کے افراد بھی ایک بڑی تعداد میں دو ٹریکٹر ٹرالیوں پر سوار ہوکر زیارات کے لیے زندہ پیر آئے ہوۓ تھے۔ جمعہ کی شام واپس لوٹتے ہوے ان زائرین کی ایک ٹریکٹر ٹرالی جس پر پچاس سے زیادہ افراد سوار تھے پہاڑی نالے سوری کو عبور کرتے ہوۓ ایک سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی۔ اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار صرف ایک عورت بچی ہے جس کو جائے حادثہ سے آٹھ کلو میٹر دور بے ہوش پائی گئیں۔اب تک انتالیس لوگوں کی لاشیں ملی ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔ امدادی کاروائیوں میں تاخیر ہوجانے اور سوری نالے کی تیز و تند لہروں کے پیش نظر حکام لاپتہ ہوجانے والے تمام افراد کی ہلاکت کے خدشے کا اظہار کررہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کوہ سلیمان پر ہونے والی بارشوں کے باعث وہاں سے نکلنے والے ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||