گورنر سرحد کی تبدیلی کی خبریں؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گورنر سرحد افتخار حسین کے مستعفی ہونے کی خبریں گرم ہیں لیکن ان کی سرکاری تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ پاکستان میں حکومت اکثر اخباری خبروں کی تردید کرنا گورا نہیں کرتی لیکن گورنر سرحد کی تبدیلی کی خبر کی گورنر ہاؤس سے کوئی باقاعدہ تردید نہ ہونے سے اس خبر کے درست ہونے کے امکانات زیادہ نظر آنے لگے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مختلف نمائندے تمام دن گورنر ہاؤس میں حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن گورنر سید افتخار حسین شاہ یا ان کے کسی اہلکار نے استعفے کی خبر کے بارے میں کوئی بات کرنے سے گریز کیا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ گورنر کی تبدیلی کا فیصلہ اسلام آباد میں سرکاری سطح پر ہوچکا ہے بس اعلان کے لیے مناسب وقت کا انتظار ہے۔ اپنے استعفے کے بارے میں چہ میگوئیوں کے باوجود گورنر سرحد سید افتخار حسین شاہ نے باجوڑ اور مہند ایجنسیوں میں باجوڑ سے وانا تک چھ سو کلومیٹر طویل فاٹا ہائی وے کا افتتاح کرنے میں مصروف رہے۔ اکسٹھ سالہ ریٹائرڈ لیفٹینٹ جنرل سید افتخار حسین شاہ کو چودہ اگست سن دو ہزار ایک میں صوبہ سرحد کے گورنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ صدر مشرف کی کابینہ میں بطور وزیر مواصلات تعینات تھے۔ ان کا تعلق کوہاٹ سے ہے اور انہوں نے مرحوم فضل حق کے بعد طویل ترین عرصہ گورنر رہنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ ان کا شمار صدر کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ اخباری اطلاعات کے مطابق ان کی جگہ سینیٹ کے موجود ڈپٹی چیرمین کمانڈر خلیل الرحمان کو بطور گورنر تعینات کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس کی بھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||