قومی اسمبلی کے سیکریٹری معطل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے قومی اسمبلی کے سیکریٹری محمود سلیم محمود کو معطل کردیا ہے۔ انہوں نے معطلی کا حکم قومی اسمبلی کے سپیکر چودھری امیرحسین کو اعتماد میں لینے کے بعد جاری کیا۔ معطلی کی وجہ سرکاری طور پر کوئی بھی نہیں بتا رہا اور نہ ہی معطلی کا کوئی نوٹیفکیشن رات گئے تک جاری کیا گیا۔ لیکن معطلی کے زبانی احکامات کے متعلق قومی اسمبلی کے حکام تصدیق کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں جب سیکریٹری قومی اسمبلی سے رابطہ کیا گیا تو بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی معطلی کے بارے میں کہا کہ ’ ہاں سنا میں نے بھی ہے،۔ قومی اسمبلی کے سیکریٹری محمود سلیم محمود پر الزام ہے کہ انہوں نے بیرون ملک ایک پرواز پر سفر کے دوران مبینہ طور پر شراب پینے کے بعد ایک خاتون فضائی میزبان پر جنسی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس الزام کے متعلق سیکریٹری قومی اسمبلی نے بی بی سی کے سوال پر کہا کہ ’یہ الزام بلکل غلط ہے اور میں اس کا بھرپور دفاع کروں گا،۔ بتایا جاتا ہے کہ چند دن پہلے محمود سلیم محمود تربیتی کورس میں شرکت کے بعد امریکہ سے واپس آرہے تھے کہ مبینہ واقعہ پیش آیا اور جب وہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچے تو پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا، لیکن بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ قومی اسمبلی کے سیکریٹری بدھ کو ہونے والے اجلاس کی کارروائی میں شریک ہوئے تھے لیکن جمعرات کے روز وہ اپنے دفتر میں آئے تھے لیکن شام گئے شروع ہونے والے اجلاس میں وہ شریک نہیں ہوئے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ انکم ٹیکس گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ اکیس کے افسر محمود سلیم محمود چلے گئے تھے۔ وزیراعظم شوکت عزیز جمعرات کی شام گئے اپنے قومی اسمبلی میں واقع چیمبر میں آئے اور کچھ دیر کے لیے اجلاس کی کارروائی میں بھی شریک ہوئے لیکن بعد میں اٹھ کر چلے گئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کے مطابق وزیراعظم نے قومیں اسمبلی کے سپیکر سے ملاقات کی اور ان سے مشاورت کے بعد محمود سلیم محمود کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر چودھری امیر حسین سے کئی بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان کے سٹاف کے مطابق وہ رات دیر تک بھی گھر پر موجود نہیں تھے۔ واضح رہے کہ گریڈ بیس سے بائیس کے افسران کی معطلی کے احکامات وزیراعظم جاری کرتے ہیں جبکہ گریڈ سترہ سے انیس تک کے افسران کی معطلی کے احکامات جاری کرنے کا اختیار انہوں نے مجاز افسران کو دے رکھا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||