BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 04 February, 2005, 05:48 GMT 10:48 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
صدر بش کا خاب شہ سرخیوں میں

 بش
صدر بش کا کانگریس سے خطاب
امریکی صدر جارج بش کا کانگریس میں پالیسی خطاب، بلوچستان میں بم دھماکے اور وزیراعظم شوکت عزیز کا مسلم لیگ کی رکنیت سازی کی تقریب سے خطاب آج اخباروں کی بڑی خبریں ہیں۔

ان خبروں کے ساتھ ساتھ بعض اخباروں نے کچھ خصوصی خبریں بھی شائع کی ہیں۔ ڈیلی ٹائمز نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ کو شہ سرخی بنایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زیرتعمیر گوادر بندرگاہ کو انڈیا اور ایران شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور اس کے حق میں نہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ دونوں ملک گوادر بندرگاہ کو ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کی حریف کے طور پر دیکھ رہے ہیں جو انڈیا کے تعاون سے بنائی گئی تھی تاکہ وہ وسط ایشیائی ملکوں کی گرم پانیوں تک رسائی کے لیے کام آسکے۔ رپورٹ کے مطابق دوسری طرف چین اور پاکستان کے خیال میں یہ بندرگاہ اہم معاشی اور فوجی فوائد پہنچائے گی۔

ڈیلی ٹائمز ہی نے یہ خبر بھی شائع کی ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف اپنی سیاسی یادداشتیں لکھ رہے ہیں جس کے حقوق انہوں نے ایک امریکی ناشر کو فروخت کردیے ہیں۔ ان یادداوشتوں پر مشتمل کتاب سائمن اور شوستر اور فری پریس کے زیراہتمام اگلے سال موسم خزاں میں شائع ہوگی۔

اخبار کے مطابق ناشر ادارہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر مشرف اپنی کتاب میں افغانستان کے حالات پر انیس سو ستر سے اسامہ بن لادن کی تلاش تک کے حالات پر اور بش انتظامیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر لکھیں گے۔

ڈیلی ٹائمز میں ہی ایک اور دلچسپ رپورٹ دلی سے شائع ہوئی ہے جس میں اخبار کے نمائندے نے انڈیا میں وفاقی انٹیلی جنس بیورو کے جائنٹ ڈائریکٹر مالائے کرشنا دھر کی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ”کھلے راز ، انڈیا کی انٹیلی جنس پر سے پردہ اٹھتا ہے، کے عنوان سے شائع ہونے والی کتاب میں کیے گئے انکشافات کا ذکرکیا ہے۔

اس کتاب کے حوالہ سے مثالیں دے کر بتایا گیا ہے کہ کس طرح پاکستانی سفارت کار انڈیا میں عورتوں سے تعلقات کو انٹیلی جنس لینے کے لیے استعمال کرتے رہے اور کس طرح انڈیا کی انٹیلی جنس عورتوں کے ساتھ سفارت کاروں کی ویڈیو بناکر انہیں اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی رہی اورکشمیر کے عسکریت پسندوں میں گھسنے کے لیے عورتوں کو استعمال کیا گیا۔

آج اخباروں نے بلوچستان میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر شازیہ خالد کا نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے کمپئر ڈاکٹر شاہد مسعود کو لکھے گئے خط کو بھی نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔ لیڈی ڈاکٹر کی طرف سے میڈیا کو دیا گیا یہ پہلا بیان ہے۔

اس میں لیڈی ڈاکٹر نے کہا ہے کہ ان کی زندگی برباد ہوگئی ہے اور ان کی سسرال والے ان کے خاوند کو انہیں طلاق دینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں جبکہ ان کے شوہر نے تمام دباؤ کے باوجود طلاق دینے سے انکار کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد وہ دونوں میاں بیوی بے روزگار ہوگئے ہیں۔

لیڈی ڈاکٹر نے الزام لگایا کہ میڈیا نے تحقیق کے بغیر رپورٹیں شائع کیں جبکہ پی پی ایل انتظامیہ اس واقعہ کو چوری کا رنگ دینے کے لیے کہتی رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا وہ ڈیوٹی سے آکر سوگئی تھیں کہ کسی نے ان کے بال کھینچے، تار گلے سے لپیٹ دیے اور ایک شخص نے بداخلاقی کی اور فجر تک ان کےکمرے میں رہا اور کہا کہ وہ معمولی آدمی نہیں اگر انہوں نے شور مچایا تو زندہ جلادوں گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف میڈیکل آفیسر نے زبردستی دستخط کرائے اور مینٹل ہسپتال میں داخل کرادیا۔

تاہم آج کے بیشتر اخباروں کی شہ سرخیاں صدر بش اور وزیراعظم شوکت عزیز کے بارے میں ہیں۔ نوائے وقت نے صدر بش کے کانگریس سے خطاب کو لیڈ بنایا ہے۔ اخبار کہتا ہے شام اور ایران دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، آزادی کے لیے ایرانی عوام کا ساتھ دیں گے۔ صدر بش کا خطاب۔

جنگ کی بڑی خبر وزراعظم شوکت عزیز کا یہ بیان ہے کہ عوامی شکایت پر وزیراعظم سمیت سب کے خلاف تحقیقات ہوگی اور یہ کہ وزیراعظم اور وزرا عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ اخبار کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے مخالف عناصر عوام کو گمراہ کررہے ہیں ، ترقی کا سفر نہیں رکے گا اور بلوچستان سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔

دی نیشن کی شہ سرخی بلوچستان سے متعلق ہے۔ اخبار کہتا ہے چھ بم دھماکوں نے بلوچستان کو ہلادیا۔ ڈیرہ غازی خان میں ریل پٹری کو اڑا دیاگیا۔ سبی میں دھماکہ کے بعد بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد