سندھ کابینہ میں مزید توسیع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سندھ کی صوبائی حکومت کی کابینہ میں ایک وزیر اور وزیراعلیٰ کے آٹھ نئے مشیر مقرر کیے گئے ہیں۔ نئے وزیر نے حلف اٹھا لیا ہے۔ نئے وزراء اور مشیروں کے محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جمعہ کی رات گورنر ہاؤس میں منعقد کردہ ایک تقریب میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے وزیر الطاف حسین انڑ سے حلف لیا۔ الطاف انڑ کا تعلق حکمران مسلم لیگ سے ہے اور وہ لاڑکانہ کے رہائشی ہیں۔ الطاف انڑ سابق وزیراعلیٰ علی محمد مہر کی کابینہ میں بھی وزیر تھے لیکن بعد میں ڈاکٹر ارباب غلام الرحیم کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد کابینہ سے باہر ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام الرحیم کے نئے مشیروں میں سابق نگران وزیراعظم غلام مصطفیٰ جتوئی کے بیٹے غلام مرتضیٰ جتوئی بھی شامل ہیں۔ پہلے ان کے چھوٹے بھائی عارف مصطفیٰ جتوئی جو کہ رکن صوبائی اسمبلی بھی ہیں وہ وزیر تھے۔ ان کے مستعفی ہو جانے کے بعد اب ان کے بڑے بھائی مشیر بنے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے نئے مقرر کردہ دیگر مشیروں میں علی نواز ٹالپر، اشفاق منگی، امام الدین شوق، ایوب شیخ، نصرت عزیز اور غلام الرسول انڑ شامل ہیں۔ آٹھوں مشیروں کو وزیر کے برابر درجہ دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق توسیع کے بعد کابینہ میں پہلے سے شامل وزراء اور مشیروں کے محکموں میں ردو بدل کا بھی امکان ہے۔ سندھ حکومت کی کابینہ میں ایک نئے وزیر اور آٹھ مشیروں کی شمولیت کے بعد کابینہ کے اراکین کی تعداد چھتیس ہوگئی ہے۔ کابینہ میں وزراء اور مشیروں کی تعداد اب برابر ہوگئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||