الطاف: کارکنوں کو تیاری کی ہدایت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکمران اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ کے خود ساحتہ جلا وطن رہنما الطاف حسین نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کی صورتحال کے بارے میں ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں۔ جمعہ کی شام کراچی میں واقع اپنی جماعت کے صدر دفتر ’نائن زیرو، پر جنرل ورکرز اجلاس سے، لندن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنی جماعت کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ ان کے اس اعلان کے بعد کسی بھی قسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے ذہنی و جسمانی طور پر تیار رہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا یہ خطاب کراچی سمیت صوبہ سندھ کے پندرہ دیگر شہروں میں بھی بیک وقت سنا گیا۔ الطاف حسین کے خطاب کے متعلق نائن زیرو سے جاری کردہ بیان میں یہ واضح نہیں کہ وہ کیا اعلان کریں گے۔ البتہ بعض سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ ماضی میں بھی وہ حکومت سے علحدگی کی دھمکیوں کے بیانات دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی جماعت کے خلاف کسی ناجائز کارروائی سے باز رہے۔ بیان کے مطابق اس اجلاس کا بنیادی مقصد عیدالضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں زیادہ جمع کرنے کی حکمتِ عملی وضح کرنا تھا۔ اجلاس سے خطاب میں متحدہ کے سربراہ نے کارکنوں کو سونامی کے متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں پر شاباش دی اور انہیں ہدایت کی کہ تمام مذہبی جماعتوں سے زیادہ کھالیں جمع کرنے کا ریکاڈ قائم کیا جائے۔ انہوں نے عید کے بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے بھرپور طور پر شرکت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو تیاری شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||