بیویاں بھی ساتھ رہ سکیں گی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد میں حکومت نے قیدیوں کو اپنی بیویوں کو اپنے ساتھ سال میں تین مرتبہ تین تین روز کے لئے رکھنے کی اجازت کے فیصلے کا ایک باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ صوبہ سرحد کی جیلوں میں قید شادی شدہ افراد کو سہولتیں دینے کا یہ فیصلہ گزشتہ دنوں متحدہ مجلس عمل کی صوبائی حکومت نے کابینہ کے ایک اجلاس میں کیا تھا۔ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن سنیچر کے روز جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق شادی شدہ قیدی ہر سال میں تین مرتبہ اپنی بیوی کو ایک وقت میں تین روز تک اپنے پاس رکھنے کا حقدار ہوگا۔ البتہ اس کی اجازت متعلقہ ضلعی رابطہ افسر یا ڈی سی او سے لینا لازم ہوگی۔ فیصلے کے مطابق یہ سہولت صرف ان قیدیوں کے لئے ہوگی جو پانچ سال سے زائد عرصے سے قید ہوں اور جو دہشت گردی یا ملک دشمن تخریبی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔ بیویوں کے علاوہ چھ سال سے کم عمر کے بچے بھی اپنی والدہ کے ساتھ جیل میں رہ سکیں گے۔ سرکاری نوٹیفیکیشن نے ان قیدیوں کی بھی مشکل حل کر دی ہے جن کی ایک سے زیادہ بیویاں ہیں۔ ایسے قیدی کو ہر بیوی کے ساتھ دو دو دن گزارنے کی اجازت ہوگی۔ فی الحال صوبے کے قید خانوں میں ایسے میاں بیوی کو اکٹھا رکھنے کی سہولتیں موجود نہیں۔ اس مقصد کے لئے دینی جماعتوں کی حکومت نے جیلوں میں الگ کمرے تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی تھی۔ اس طرح کی سہولت اگر صوبے کے قیدیوں کو میسر آتی ہے تو یہ ملک واحد صوبہ ہوگا جہاں قیدی اپنی بیویوں کو ساتھ رکھ سکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||