BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 27 December, 2004, 02:08 GMT 07:08 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
امن و امان کی صورتحال پر اجلاس

اجلاس
اجلاس میں ملک میں امن وامان کی صورتحال ہر غور ہو گا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج بین الصوبائی کمیٹی برائے امن و امان کا ایک اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کر نے کے لیےاہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔

اس اجلاس میں ایف آئی اے، پولیس، انٹیلی جنس بیورو ، رینجرز اور فرنٹیئر کور سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر وفاقی اور صوبائی اداروں کے سربراہ اور وزارت داخلہ کے حکام شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایاکہ اجلاس میں دہشت گردی کے انسداد کے حوالے سے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

یہ اجلاس اس بات کا جائزہ لے گا کہ اس سال کتنے دہشت گرد پکڑے گئے اور کون کون سے اہم دہشت گرد اب بھی حکومت کومطلوب ہیں اور انہیں پکڑنے کے لیے کیا نئے طریقے اپنائے جانے چاہیں۔

اجلاس میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ دینی مدارس کے معاملات پر بھی اظہار خیال کیا جائےگااور ان طریقوں پر بات ہوگی جن کو اپنا کر تمام مدرسوں کی رجسٹریشن یقینی بنائی جاسکے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس اجلاس میں پولیس ریفارمز اور اس پر عملدرآمد کے بارے میں بات ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ نے کہا ہے کہ اس اجلاس میں بلوچستان کے علاقے تربت میں ہونے والے تشدد کے حالیہ واقعہ پر بھی بات ہوگی۔

تربت میں پرسوں فرنٹیر کور کے گاڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے کم از کم چار فوجیوں کو ہلاک اور کئی دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کہ فرنٹیر کور پر حملہ کرنے والے لوگ کون تھے لیکن ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد ہی اصل مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آج سے شروع ہونے والے اس اجلاس میں اہم فیصلے ہونگے انہوں نے بتایاکہ بلو چستان اور ان علاقوں میں جہاں ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں وہاں مزید چیک پوسٹیں قائم کیے جائیں گی اور ان تک جانے والے تمام راستوں کو مزید محفوظ بنایا جائےگا۔

پنجاب سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں ہونے والے اس دو روزہ اجلاس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ ایک پریس کانفرنس میں اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے بتائیں گے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد