وانا: ایک ہلاک، ایک زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے محسود علاقے مکین میں جمعرات کی شام بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے۔ مکین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والا انیس سالہ نظر علی ہے جو مکین امن کمیٹی نامی مقامی تنظیم کے جنرل سیکٹری شیر علی کا بیٹا تھا۔ یاد رہے کہ مکین امن کمیٹی نے گزشتہ دنوں القاعدہ کے تین غیرملکی افراد کو گرفتار کرکے حکام کے حوالے کیا تھا جس پر حکومت نے اس کمیٹی کو چھ لاکھ روپے کا انعام بھی پشاور میں دیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد سے مقامی لوگوں کے مطابق شیر علی کو متعدد بار جان کی دھمکیاں بھی مل چکی ہیں۔ چند روز قبل خود شیر علی جسے مقامی لوگ شیرغان کہہ کر پکارتے ہیں پر بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ بچنے میں کامیاب رہے تھے۔ ایک اطلاع کے مطابق آج صبح شیر علی کا ایک اور بیٹا بھی مکان کے قریب ایک اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں بال بال بچ گیا تھا۔ ادھر گورنر سرحد سید افتخار حسین شاہ نے پشاور میں آج ایک سیمنار میں خطاب میں واضع کیا کہ ضرورت پڑی تو القاعدہ کے غیرملکی عناصر کے خلاف جنوبی وزیرستان میں دوبارہ بھی جنگی کارروائیاں شروع کی جا سکتی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||