امرتسر لاہور بس سروس:تیاری مکمل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی پنجاب کے وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان لاہور امرتسر بس سروس شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ وہ بھارت کے ایک ہفتے کے دورے سے وطن لوٹنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران ان پر یہ واضح کر دیا تھا کہ حکومت پاکستان لاہور اور ننکانہ صاحب آنے والے سکھوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں کیونکہ بس کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو پہلے دہلی جانا ہوتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ کھیلوں کا سلسلہ اب جاری رہے گا اور اگلے برس لاہور میں اور اس کے بعد جالندھر میں یہ کھیلیں منعقد ہونگی۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم سے اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نے انہیں بڑے ہی پراعتماد لہجے میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے جاری مذاکرات نتیجہ خیز اور آپس کے تنازعات ختم ہوجائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے قیدیوں کی رہائی سمیت وہ تمام معاملات جن کا تعلق حکومت پاکستان سے ہے وہ انہیں وفاقی سطح پر مناسب غور کے لیے پیش کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب نے یہ دورہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ کی دعوت پر کیا تھا۔ اس دورے کےدوران انہوں نے بھارتی پنجاب میں پہلے پاک بھارت کھیلوں کا افتتاح کیا تھا اور بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ نٹور سنگھ سے خصوصی ملاقاتیں کی تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||