BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 27 November, 2004, 05:51 GMT 10:51 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پشاور میں نان بائیوں کی ہڑتال

News image
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں سنیچر کی صبح لوگوں نے ناشتہ روٹی سے نہیں بلکہ ڈبل روٹی سے کیا۔ اس کی وجہ ضلع پشاور کے نانبائیوں کی جانب سے غیرمعینہ مدت کے لئے ہڑتال پر جانا ہے۔

پشاور میں ضلعی حکومت اور نانبائیوں کے درمیان روٹی کی قیمت اور وزن کا تنازعہ رمضان کے بعد سے سنگین صورت اختیار کرگیا تھا۔

پشاور میں چند روز پہلے تقریبا چودہ سو نانبائیوں نے مقامی حکومت کا مقرر کردہ ایک سو تیس گرام روٹی کا دو روپے نرخ مسترد کرتے ہوئے ایک سو اسی گرام کی روٹی چار روپے میں فروخت کرنا شروع کر دی تھی۔

اس حکم عدولی کا نوٹس لیتے ہوئے مقامی حکومت نے روٹی پر پابندی عائد کردی جس کے خلاف نانبائی غیرمعینہ مدت کی ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔

نانبائیوں کا موقف ہے کہ آٹے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ان کے لئے سنگل روٹی اس نرخ پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔

تندور ٹھنڈے ہونے کی وجہ سے آج پشاور میں بیکری میں تیار ہونے والی ڈبل روٹی بھی کم پڑ گئی۔

ادھر ضلع پشاور کے ناظم اعظم آفریدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور میں آٹے کی گرانی کے ذمہ دار وہ نہیں ہیں۔

’تندوری روٹی کی قیمت اور وزن مقرر کرنا میرا فرض ہے وہ میں نے پورا کر دیا۔آٹے کی قیمت میں کم نہیں کرا سکتا۔ جس دن لوگ روٹی کی بڑھتی قیمت کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے میری ذمہ داری دوبارہ شروع ہوجائے گی۔‘

انجمن نانبائیان کے سربراہ محمد اقبال کا ضلعی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ آٹے کی قیمت کم کرائے تو وہ اپنی ہڑتال ختم کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ایک سو تیس گرام روٹی وہ اس وقت فروخت کرتے تھے جب آٹے کی بوری انہیں ایک ہزار روپے کی ملتی تھی۔ اب یہ بوری تیرا سو میں دستیاب ہے۔ اس نرخ پر ان کے لئے روٹی تیار کرنا ممکن نہیں۔

ماضی میں بھی روٹی کے وزن کے مسئلے پر مقامی انتظامیہ اور نانبائیوں کے درمیان تنازعات کھڑے ہوتے رہے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس مرتبہ کی یہ جنگ کتنا طول پکڑتی ہے اور اس کے نتیجے میں خریداروں کو کیسی روٹی کس نرخ پر ملتی ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد