مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام ،کراچی |  |
 |  سندھ اسمبلی |
سندھ اسمبلی میں جمعرات کو بم رکھے جانے کی اطلاع کے بعد اسمبلی بلڈنگ کو خالی کروا لیا گیا۔ اسمبلی سیکریٹیریٹ کے ترجمان کے مطابق ایک نا معلوم شخص نے ڈپٹی سپیکر راحیلہ ٹوانہ کے چیمبر میں پونے گیارہ بجے ٹیلیفون کر کے کہا کہ اسمبلی میں اس جگہ بم فٹ کیا گیا ہے جہاں اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہے جو تھوڑی دیر بعد پھٹ جائے گا۔ یہ فون اسوقت کیا گیا جب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا تھا اور تمام اراکین اسمبلی ایوان میں موجود تھے۔ بم کی اطلاع ملتے ہی ایوان میں بھگدڑ مچ گئ اور تمام اراکین اور اسمبلی کا عملہ بلڈنگ سے باہر آ گیا جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے اور ایمبولینس کو طلب کر لیا گیا۔ تاہم بلڈنگ کی تلاشی پر کوئی بم برآمد نہیں ہوا اور اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ |