’بھائیوں کو بھارتی فوج نے پکڑ لیا ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک شخص نے بدھ کے روز یہ الزام لگایا ہے کہ ان کے دو بھائیوں کو بھارتی افواج نے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنڑول پر مویشی چرانے کے دوران گرفتار کر لیا اور اپنے ساتھ لے گئی۔ ان کے خاندان والوں نے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی رہائی اور گھر واپسی کو یقینی بنائیں۔ یہ الزام ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور لائن آف کنڑول پر گزشتہ ایک سال سے فائر بندی ہے۔ یہ واقع مظفرآباد کے شمال میں واقع وادی نیلم میں ایک سرحدی دیہات ٹھنڈا پانی میں پیش آیا ۔ اس دیہات کو ایک نالہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے الگ کرتا ہے اور یہی نالہ اس علاقے میں لائن آف کنڑول بناتا ہے ۔ بھارتی افواج کے ہاتھوں مبینہ طور پر گرفتار کیے جانے والی دو اشخاص کے بھائی محمد شریف نے اس واقع کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انکے جڑوان بھائی محمد حسن ڈار اور چچازاد بھائی محمد شفیع ڈار کو گزشتہ ہفتے بدھ کے روز اس وقت بھارتی افواج کی ایک گشتی پارٹی گرفتار کر کے لے گئی جب وہ نالہ پر موشیوں کو پانی پلا رہے تھے۔ محمد حسن کی عمر ستائیس سال بتائی جاتی ہے جبکہ ان کے چچازاد بھائی محمد شفیع کی عمر ساٹھ سال بتائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے ان کو اپنے بھائیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ ان کو بھارتی فوج کہاں لے کر گئی ہے ۔ شریف کا کہنا تھا اس واقعہ کی وجہ سے ہم بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا ک ’ہم غریب لوگ ہیں اور محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ہمارا کسی جہادی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ میرے بھائیوں کی بحفاظت رہائی اورانکی اپنے گھروں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے‘۔ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنڑول اپنی تمام تر اہمیت کے باوجود کوئی ایسی سرحد نہیں ہے جسکی باقاعدہ طور پر تفصیلاً نشاندھی کی گئی ہو ۔ چناچہ بسا اوقات لوگ غلطی سے ایسے علاقے میں داخل ہوجاتے ہیں یا اس کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔ جس کو ہندوستان اور پاکستان میں سے ایک فریق اپنے زیر کنڑول سمجھتا ہے اور اس کے نزدیک یہ حرکت لائن آف کنڑول کی خلاف ورضی ہے۔ بعض اوقات لوگ گولیوں کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے دوران دو الگ الگ واقعات میں بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایک خاتوں ہلاک اور ایک زخمی ہوئی تھیں۔ اور وہ اس وقت گولیوں کا نشانہ بنی تھیں جب وہ مال مویشی چراتے ہوئے لاعلمی میں لائن آف کنڑول کے بہت قریب پہنچ گئیں تھیں۔ اسی طرح چند ماہ قبل بھارتی افواج نے کشمیر کے اس علاقے کے دو نوجوانوں کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ حکام کے مطابق غلطی سے لائن آف کنڑول عبور عبور کر گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||