BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 20 November, 2004, 09:31 GMT 14:31 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’ایم کیوایم دھمکیاں دے رہی ہے‘

عبدالستار ایدھی
عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ ان کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں
پاکستان کے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم ان کو قتل کی دھمکیاں دے رہی ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی نے کہا کہ ان کو کبھی نائن زیرو آنے کے لیے کہا جاتا ہے اور کبھی کہا جاتا ہے کہ ان کا حشر (جنرل) ضیاالحق سے بھی بدتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ایک ٹیلیفون موصول ہوا جس میں ان سے کہا گیا کہ وہ ملک چھوڑ دیں وگرنہ ان کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کی سمجھ سے بالا تر ہے کہ ان کو یہ دھمکیاں کیوں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک فقیر ہیں اور ان کا کسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایدھی ایمبولینس پر حملے آئے دن ہوتے ہیں اور جعمرات کو سول ہسپتال میں ایدھی مرکز کو آگ لگا دی گئی۔

عبدالستار ایدھی کے سیکرٹری انور کاظمی کے مطابق جمعرات کی شام گئے
نامعلوم مسلح افراد نے کراچی کے سول اور جناح ہسپتالوں میں قائم ان کے سنٹروں پر حملہ کیا اور سول ہسپتال میں قائم ان کا ایمرجنسی بوتھ جلا دیا۔ اس کے علاوہ ایدھی فائونڈیشن کے عملے کی مار پیٹ کرتے ہوئے ان کو ایمرجنسی سیل بند کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

بقول انور کاظمی ان افراد کا مطالبہ تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن اپنی ایمولنسوں کے کرائے کم نہ کرے۔ جبکہ بقول ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان فیصل ایدھی نے ان دونوں ہسپتالوں میں اپنے سنٹروں پر غریب مریضوں کے لیے تیس روپے کرائے پر ایمبولنس کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے سول اور جناح ہسپتالوں پر پانچ پانچ ایمبولینسیں مریضوں کو سستی
آمدو رفت فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے موجود ہوتی ہیں۔

انور کاظمی کا کہنا تھا کہ ان ہسپتالوں میں پرائیوٹ ایمبولنسوں کی سہولت فراہم کرنے والوں کا اعتراض تھا کہ اس طرح کم قیمت سے ان کے کاروبار کا نقصان ہو رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پرائیوٹ ایمبولنسوں کا پانچ سے دس کلومیٹر کے فاصلے کے لیے عموما کرایہ ڈیڑھ سے دو سو روپے ہوتا ہے۔

انور کاظمی کے بقول اس سلسلے میں اکثر و بیشتر ان کے عملے کو دھمکیاں ملتی رہی ہیں تاہم عبدالستار اور فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے غریب مریضوں کے لیے یہ سہولت بدستور جاری رکھی جائے گی۔ اس سلسلے میں اب تک ایدھی فاؤنڈیشن کو مقامی پولیس سے تعاون ملتا رہا ہے تاہم حالیہ واقعات پر پولیس میں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد