سوات سنیما میں دھماکہ، دو ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے قدامت پسند سمجھے جانے والے ضلع سوات کے ایک سینما گھر میں کل رات ایک دھماکے سے دو افراد ہلاک جبکہ انتیس زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکہ میں ٹائم بم استعمال کیا گیا البتہ اس کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دھماکہ کل رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب ضلع سوات کے صدر مقام مینگورہ کی پلوشہ سینما میں فرسٹ کلاس کی ایک نشست کے نیچے رکھے بم سے ہوا۔ پولیس کے مطابق یہ پلاسٹک بیگ میں لپٹا ایک ٹائم بم تھا۔ سیمنا کے ایک اہلکار حضرت خان کا کہنا تھا کہ سینما میں سیکورٹی کا مناسب انتظام ہے اور ہر آنے والے کی تلاشی لی جاتی ہے۔ لیکن انہوں نے شک کا اظہار کیا کہ یہ بم کسی گاڑی میں آنے والا ساتھ لا سکتا ہے۔ سیمنا میں عید کے موقعے پر چل رہا پشتو فلم ’ستا دوو سترگو دا پارہ’ یعنی آپ کی دو آنکھوں کے لیے کا یہ آخری شو تھا اور چند ہی منٹوں میں ختم ہونے والا تھا۔ دھماکے سے دو افراد موقعے پر ہلاک جبکہ انتیس زخمی ہوئے ہیں جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔ اطلاعات کے مطابق شاہ خالد نامی ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اسے تفصیلی تحقیقات کے لئے پشاور بھیجا گیا ہے۔ ملزم ملاکنڈ میں اللہ ڈھیری کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور اس سے پولیس کو دو تین قسم کے شناختی کارڈ ملے ہیں۔ اس سے پولیس کو بم بنانے کا کچھ سامان بھی ہاتھ آیا ہے دھماکے سے سینما کی نشتیں تباہ ہوگئیں۔ سینما منتظمین کے مطابق عید کی وجہ سے تقریبا دو سو نشتوں والا فرسٹ کلاس تقریباً بھرا ہوا تھا۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کسی قسم کی انہیں کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔ صوبہ سرحد کا دلکش پہاڑی علاقہ سوات سیاحتی اعتبار سے مقبول ہونے کے علاوہ مذہبی اعتبار سے بھی کافی قدامت پسند سمجھا جاتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||