BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 28 October, 2004, 17:02 GMT 22:02 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اسلام آباد: میریٹ ہوٹل میں دھماکہ

 میریٹ
دھماکے کے بعد ہوٹل کے سامنے والے حصے میں شیشے کی کرچیاں بکھر گئیں
پاکستان کے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جمعرات کی شب ایک فائیو سٹار ہوٹل میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں دو غیر ملکیوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد کے مطابق دھماکے کی وجہ شارٹ سرکٹنگ ہے۔

وزیر اطلاعات نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ زحمیوں میں ایک اٹلی کا باشندہ جس کا نام انہوں نے’اینٹی نوماشیو، بتایا وہ بھی شامل ہے تاہم ان کے مطابق وہ معمولی زخمی ہیں۔ زخمیوں میں ایک امریکی باشندہ بھی شامل ہے جو کہ اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے کا ملازم ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ ان کا غیر سفارتی عملے کا ایک رکن شیشیے لگنے سے زخمی ہوا ہے جسے کسی ہسپتال نہیں لے جایا گیا۔ وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے، کے وقت کچھ امریکی شہری بھی ہوٹل میں موجود تھے تاہم ان میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ شدید تھا۔ہوٹل میں داخل ہونے والا صدر دروازہ اور سامنے کی دیوار جو سب کانچ کی بنی ہوئی تھیں وہ کرچی کرچی ہوگئیں۔

حکمران مسلم لیگ کی خاتون رکن اسمبلی آسیہ عظیم نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے، کے وقت وہ ہوٹل کے اندر موجود تھیں اور دھماکے سے خوف و ہراس کے مارے لوگ پریشانی سے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔

ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ وہ کسی مہمان کو لینے کے لیے جیسے ہی دروازے کے قریب پہنچے تو اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس سے شیشے ٹوٹ کر ہر طرف بکھر گئے اور وہ خوف کے مارے اپنی گاڑی ہوٹل کے احاطے سے نکال کر لے گئے۔ اس دوران ان کے مطابق کچھ دیر کے لیے ہوٹل کی بجلی بھی بند ہوئی تھی۔

وزیرداخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ جو جائے حادثہ پر فوری پہنچے تھے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق تین افراد زخمی ہوئے اور انہوں نے بھی حادثے کی وجہ شارٹ سرکٹنگ بتائی۔

ان کے چلے جانے کے کچھ دیر بعد وزیر اطلاعات شیخ رشید پہنچے اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ پانچ سے چھ لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں دو غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

دھماکے، کے فوری بعد ایمبولینس اور فائر برگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں جبکہ فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے اور کافی تعداد میں پولیس پہنچ گئی۔ انہوں نے ہوٹل کو گھیر لیا اور صحافیوں کو ہوٹل کے اندر جانے سے روکتے رہے۔

اسلام آباد کا میریٹ ہوٹل جس میں دھماکہ ہوا اس میں بیشتر غیر ملکی شہری بھی قیام کرتے ہیں جبکہ رات کے کھانے کے لیے بھی کئی سفارتکار یہاں آتے ہیں اور بالعموم یہاں سکیورٹی سخت ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد