پاک امریکہ: طویل المعیاد شراکت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی اور علاقائی امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹینا روکا نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں طویل المعیاد شراکت اور تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے منگل کے روز صدر جنرل پرویز مشرف،وزیراعظم شوکت عزیز، وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری اور خارجہ سیکریٹری ریاض کھوکھر سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی نائب وزیر نے صدر جنرل پرویز مشرف سے عالمی،علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے صدر سے گیس پائپ لائن کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم شوکت عزیز نے مس روکا سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ملکی مفاد میں جنگ جاری رکھے گا اور دہشت گردی کے واقعات سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کو روکا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری سے ملاقات میں امریکی نائب وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ پاکستان سے سٹریٹجک تعلقات قائم رکھنے اور مستقبل میں اقتصادی اور دفاعی ’پیکیجز، فراہم کرنے کے وعدے پر عمل کرے گا۔ وزیر خارجہ مسٹر قصوری نے مہمان نائب وزیر سے اقوام متحدہ میں اصلاحات کے متعلق بھی تفصیلی بات چیت کی اور بتایا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ اس عالمی ادارے کو مزید جمہوری، شفاف اور نمائندہ ادارہ بنایا جائے۔ انہوں نے امریکی نمائندہ کو بھارت سے جاری مذاکرات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ حکام کے مطابق امریکی نائب وزیر نے پاکستان کی قیادت سے ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ،جوہری عدم پھیلاؤ، افغانستان اور عراق کی صورتحال اور پاک بھارت مذاکرات کے موضوعات پر بات کی۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان مسٹر گریگ کراؤچ نے بی بی سی کو بتایا کہ چار روزہ دورے پر گزشتہ سنیچر کے روز پاکستان پہنچنے والی امریکی نائب وزیر نے اپنا ویک اینڈ شمالی علاقوں میں گزارا اور آغا خان فاؤنڈیشن کی دعوت پر ان کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔ منگل کے روز انہوں نے اپنے دورے کی باضابطہ مصروفیات کا آغاز کیا اور پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ کے دورے کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ معمول کا دورہ ہے اور وہ کسی خاص مقصد کے لیے پاکستان نہیں آئیں۔ ان کے مطابق مس روکا بدھ کو دلی روانہ ہورہی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||