خواتین رکنِ اسمبلی بھی غیرمحفوظ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حکمران مسلم لیگ کی رکن قومی اسمبلی گل فرخندہ کو بیرون ملک دورے کے وقت ہراساں کرنے والے اسمبلی سیکریٹریٹ کے سینیئر افسران کے خلاف سپیکر نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ قومی اسمبلی کے ترجمان طاہر خوشنود نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کے سپیکر چودھری امیر حسین نے منگل کے روز متعلقہ خاتون رکن اسمبلی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فیروز خان کو معطل کردیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ باقی دو افسران، ایڈیشنل سیکریٹری محمد رفیق اور پروٹوکول افسر نسیم خالد کو تاحال معطل نہیں کیا گیا لیکن ان کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے۔ ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری کرامت نیازی کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ سردار فاروق احمد خان لغاری کی پارٹی کے ٹکٹ پر خواتین کے لیے مخصوص نشستوں پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والی گل فرخندہ اب حکمران مسلم لیگ کی رکن ہیں کیونکہ ان کی جماعت حکمران جماعت میں ضم ہوچکی ہے۔ گل فرخندہ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پارلیمانی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر یورپ گئی تھیں اور لندن سے پیرس جاتے ہوئے راستے میں اسمبلی کے ملازمین فیروز خان، محمد رفیق اور نسیم خالد نے انہیں ہراساں کیا اور بدتمیزی بھی کی۔ ان کے بقول متعلقہ حکام نے ان سے نہایت توہین آمیز سلوک کیا اور چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے ایسی باتیں کہیں کہ جنہیں وہ دہرانا نہیں چاہتیں۔ خاتون رکن اسمبلی نے بتایا کہ انہوں نے فرانس کے شہر پیرس میں پہلی بار گئی تھیں اور حکام کے قابل اعتراض رویے کے باوجود بھی گھبرائی نہیں اور اپنے اصول پر ڈٹی رہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پارلیمانی وفود کے ہمراہ جانے والی بیشتر خواتین اراکین اسمبلی کے ساتھ اکثر توہین آمیز سلوک ہوتا ہے لیکن وہ مختلف وجوہات کی بنا پر خاموش رہی ہیں۔ گل فرخندہ کے بقول انہوں نے خاموش رہنے کی بجائے معاملہ سپیکر اور وزیراعظم کے سامنے پیش کیا تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون سے عملے کے کسی رکن کو بدتمیزی کرنے کی جرات نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے وہ سپیکر کے پاس شکایت لےگئیں لیکن انہوں نے کوئی کاروائی نہیں کی جس کے بعد انہوں نے وزیراعظم شوکت عزیز سے شکایت کی اور بعد میں سپیکر نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ قومی اسمبلی میں صدر جنرل پرویزمشرف کے متعارف کردہ اصلاحات کے نتیجے میں ستر سے زائد خواتین اس وقت قومی اسمبلی کی رکن ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||