ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور میں آج سہ پہر ایک ہی خاندان کے چار افراد کو ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اور دو افراد شدید زخمی ہیں۔ یہ واقعہ شاہدرہ کے قریب جیا موسی کے علاقہ میں پیش آیا جہاں ایک خاندان کے سربراہ محمد احسان ، اس کی بیوی طاہرہ ، برادر نسبتی محمد ساجد اور ملازم مرتضی کو پستول سے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ محمد احسان کا نوجوان لڑکا رضوان شدید زخمی ہے اور اس کی دوسری بیوی گڑیا کی زبان کاٹ دی گئی۔ شاہدرہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور زخمی رضوان سے ابتدائی بیان لیا ہے۔ پولیس کے مطابق احسان گوجرانوالہ کے گاؤں اتاوہ کا رہنے والا تھا اور اس نے پندرہ سال پہلے طاہرہ سے شادی کی تھی جو ایک اسٹیج کی اداکارہ تھی۔ اس پر اس کے بھائی اس سے ناراض تھے اور وہ تقریبا ساڑھے تین سال پہلے گوجرانوالہ چھوڑ کر لاہور میں جیا موسی کے علاقہ میں آکر رہنے لگا تھا۔ تقریبا ڈیڑھ سال پہلے احسان نے گڑیا نامی ایک اور عورت سے دوسری شادی کرلی۔ زخمی رضون کے بیان کے مطابق اس کے دو چچا علی اور عمران چار دوسرے افراد کے ساتھ آج سہ پہر ان کے گھر آئے اور گھر کے دروازے بند کرکے انھوں نے اونچی آواز میں ڈیک چلا دیا اور سب اہل خانہ کو باندھ دیا۔ رضوان کے بیان کے مطابق اس کے بعد ملزموں نے اس کے باپ احسان کے پستول سے ہی ان سب پر فائرنگ کی اور فرار ہوگۓ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||