دھماکہ: آنکھوں دیکھے کے بیان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سیالکوٹ میں جمعہ کو فرقہ وارانہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والی امام بارگاہ مستری عبداللہ کے خطیب فیض علی کرپالوی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے میں ملوث افراد کا جلد از جلد پتہ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائے۔ دھماکے کے بعد بی بی سی اردو سروس کو انٹرویو دیتے ہوئے امام بارگاہ مستری عبداللہ کے خطیب مولانا فیض علی کرپالوی نے جو خود بھی اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں کہا کہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ دھماکہ کسی بریف کیس کے ذریعے کیا گیا تھا۔ مولانا کرپالوی نے کہا کہ انہوں نے دن کے ڈیڑھ بجے نے خطبہ شروع کیا ہیں تھا کہ دو منٹ بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ہر طرف گرد و غبار چھا گیا اور کچھ لمحوں کے لیے سب کچھ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ انہوں نے کہا کہ حواس بحال ہونے کے بعد انہوں نے گرد و پیش کا جائزہ لیا تو ہر طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں اور بہت سے لوگ زخموں سے کراہا رہے تھے۔ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے پہلے ایک شخص بریف کیس لے کر امام بارگاہ میں داخل ہوا اور اس کے کچھ دیر بعد دھماکہ ہوا۔ مولانا کرپالوی سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا دھماکے سےپہلے کوئی شخص بریف کیس لے کر امام بارگاہ میں داخل ہوا تھا تو انہوں نے کہا کہ امام بارگاہ کے گیٹ پر متعین ان کے عملے نے ایسی کسی بات کی تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے عملے نے کسی شخص کو بریف لے کر امام بارگاہ میں داخل ہوتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امام بارگاہ کے دروازے پر پولیس اور ان کا اپنا عملہ بھی موجود تھا اور وہ لوگوں کو چیک کر کے اندر بھیجتے ہیں۔ تاہم موقع پر موجود افراد نے بی بی سی کو بتایا کہ امام بارگارہ کی بیرونی دیوار کے قریب ایک بریف کیس سے دو بم برآمد ہوئے ہیں جنہیں بم ناکارہ بنانے والے عملے نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ ایک اور شیعہ خطیب ذوالفقار حسین نقوی نے کہا کہ دھماکے سے امام بارگاہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا دھماکے سے فرش میں ایک گڑھا پڑ گیا ہے جب کہ عمارت کی کھڑکیاں اور دروازے بھی ٹوٹ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ امام بارگاہ کی چھت تک خون کے چھینٹے پڑے ہیں اور انسانی جسم کے چیتھڑے چپکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بے حس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے دو گھنٹے بعد تک انتظامیہ کا کوئی شخص موقع پر نہیں پہنچا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||